حنیف عباسی کی سزا معطلی سمیت اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر

Feb 12, 2021 | 21:43:PM
حنیف عباسی کی سزا معطلی سمیت اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی سزا معطلی سمیت اہم کیسز سماعت کیلئے مقرر کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ 17 فروری کو دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کرےگا، اٹارنی جنرل اور چیئرمین واپڈا سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں ججز تقرری کیخلاف کیس بھی سماعت کیلئے مقرر کردیاگیا،جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ 17 فروری کو سماعت کرے گا، عدالت نے مقدمے کے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی سزا معطلی کیخلاف درخواست پر جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 17 فروری کو سماعت کرے گا،اینٹی نارکوٹکس فورس نے حنیف عباسی کی سزا معطلی کیخلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی ضمانت اوران کے اہل خانہ کی ضمانت منسوخی کیلئے نیب درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں، جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 17 فروری کو سماعت کرے گا۔
سابق وزیر اعلی کے پی امیر حیدر ہوتی کیخلاف درخواست پرجسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 16 فروری کو سماعت کرے گا ، امیر حیدر ہوتی کی سوتیلی ماں حمیرا اعظم نے جائیداد کے تنازعہ پر درخواست دائر کر رکھی ہے۔
سپریم کورٹ میں بھارت کی جانب سے دریائی پانی روکنے جانے کیخلاف کیس بھی سماعت کیلئے مقرر کردیاگیا،جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں چار رکنی بنچ 16 فروری کو سماعت کرے گا، سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا، ستلج راوی واٹر کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
گن اینڈ کنٹری کلب عملدرآمد کیس کی جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 18 فروری کو سماعت کرے گا،اقلیتوں کے حقوق سے متعلق از خود نوٹس پرچیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 19 فروری کو سماعت کرے گا، اٹارنی جنرل،صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز اور چیف سیکرٹریز سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے گئے۔