ناقص تعمیر کیوں کی، زلزلے کے بعد ترک حکام نے 100 سے زائد ٹھیکیداروں کو حراست میں لے لیا

Feb 12, 2023 | 11:29:AM

(24 نیوز) ترکیہ اور شام میں خوفناک زلزلے کے بعد ترک حکام نے 100 سے زائد ناقص تعمیرات کرنے والے ٹھیکیداروں کو حراست میں لے لیا ہے۔ زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترکیہ اور شام میں آئے خوفناک زلزلے سے اموات کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جس میں صرف  ترکیہ کے ساڑھے 24 ہزار افراد شامل ہیں جبکہ 80 ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ 

ترکیہ میں قیامت خیز زلزلے کے بعد اموات کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ فی الحال نہ تھم سکا۔ ملبے تلے دبے افراد کے زندہ بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ شہروں کے شہر تباہ ہونے سے لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کا کام جاری ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زلزلے کے بعد چھٹے روز غازی انتپ کے علاقے سے باپ اور جوان بیٹی کو ملبے سے نکالا اور 2 ماہ کے بچے کو زندہ نکالنے میں کامیاب ہوئے۔حکام کے مطابق 120 گھنٹوں بعد کسی بچے کا زندہ نچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔ 

مزید پڑھیں: قدرت کا کرشمہ، ترکیہ میں چار دن سےملبے تلے دبے نومولود اور ماں کو زندہ نکال لیا گیا

لرزہ خیز تباہی کے بعد ترک حکام نےعمارتوں کی ناقص تعمیر کرنے والی کمپنیوں کےخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا  اور ترک پولیس نے زلزلے سے منہدم ہونے والی عمارتوں کو تعمیر کرنےوالے ٹھیکیداروں کو حراست میں لے لیا ہے۔ جبکہ ترک صدر طیب اردگان نے خبردار کیا ہے کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں چوروں اورلٹیروں کوسخت سزا دی جائے گی۔
دوسری جانب شامی صدر اور خاتون اول نے زلزلے سے متاثرہ شمال مغربی شہر کا دورہ کیا اورزخمیوں کی عیادت بھی کی ہے۔ جبکہ ڈبلیو ایچ او WHO کے سربراہ 2 لاکھ نوےہزارڈالر مالیت کا سامان لے کر ہوائی جہاز پر حلب پہنچ چکے ہیں۔اٹلی نے بھی زلزلہ متاثرین کے لیے امداد بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے اور اطالوی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ شام کے لیے امداد بیروت کے راستے پہنچائی جا رہی ہے۔روس سے بھی جہاز امدادی ٹیموں کو لے کر ترکیہ پہنچ چکے ہیں۔
اقوام متحدہ نےاس  زلزلےکو متاثرہ علاقوں کے لیے100 سالوں میں ہونےوالا بدترین واقعہ قراردےدیا ہے۔بین الاقوامی ریڈ کراس لیڈر کا کہنا ہے زلزلے سے بحالی کا کام مہینوں تک جاری رہے گا۔ادھرجرمنی نے سکیورٹی خدشات پر ترکی کے زلزلہ زدہ علاقے میں امدادی کارروائیاں معطل کر دیں۔واضح رہے کہ پیر کے روزآئے 7 اعشاریہ 9 شدت کےزلزلےکے بعد آنے والے آفٹر شاکس نےترکیہ اور شام کے سرحد علاقوں کو ہلا کررکھ دیا تھا۔

مزیدخبریں