’رسی جل گئی پر بل نہ گیا‘فواد چوہدری کی الیکشن کمیشن پر ایک بار پھر تنقید

Feb 12, 2023 | 12:56:PM

 (ویب ڈیسک)رسی جل گئی پر بل نہ گیا،فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کو ایک بار پھر نشانے پر رکھ لیا ۔کہتے ہیں کہ  الیکشن کمیشن منشیوں پر مشتمل ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے لکھا کہ عدالتی احکامات کے بعد بھی عام تاثر ہے کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد کی طرح صوبائی الیکشن بھی نہیں کرائے گا، الیکشن کمیشن منشیوں پر مشتمل ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق آئین کے ساتھ یہ کھلواڑملک کو مہنگا پڑے گا، الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے آج اجلاس منعقد کرنا چاہیے تھا۔  بہت ہو گیا، آئین کی بالادستی کیلئے ہماری تحریک بالکل تیار ہے، جیل بھرو سے اس تحریک کا آغاز ہو گا۔

خیال رہےکہ فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے سے متعلق کیس میں گرفتارکیا جا چکا ہے،  ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے فواد چوہدری کی مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ اس شرط پر ضمانت منظور کر رہا ہوں کہ فواد چوہدری دوبارہ ایسا بیان نہیں دیں گے، پارلیمنٹیرینز کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔

تاہم رہائی کے فوری بعد اڈیالہ جیل کے باہرکارکنوں سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا تھا کہ  عدالت میں بھی کہا ہےکہ جو باتیں کی ہیں اس پر اسٹینڈ کرتا ہوں، ایک لفظ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

مزیدخبریں