بابا وانگا کے بعدایلون مسک کی چند حیران کن پیشگوئیاں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے گزرے برسوں میں مستقبل کے بارے میں متعدد پیشگوئیاں بھی کی ہیں جن میں سے کچھ تو حیران کن حد تک درست ثابت ہوئیں جبکہ کچھ وقت کی دھول میں گم ہوگئیں۔
اگر آپ بلغاریہ کی معروف خاتون نجومی آنجہانی بابا وانگا کی پیشگوئیوں میں دلچسپی رکھتے ہیں تو ان کی جگہ آپ ایلون مسک کی چند عجیب پیشگوئیوں کے بارے میں جان کر دنگ رہ جائیں گے۔
ایک گاڑی ہمیشہ آپ کے قریب ہوگی
ایلون مسک نے 2016 میں پیشگوئی کی تھی کہ ایسا وقت جلد آئے گا جب امریکا میں کسی بھی جگہ لوگ گاڑیوں کو بلا سکیں گے یا یوں کہہ لیں کہ ان کے اردگرد ہمیشہ ایک گاڑی موجود ہوگی۔
مستقبل الیکٹرک گاڑیوں کا ہے
2016 میں ہی ایلون مسک نے یہ پیشگوئی بھی کی تھی کہ خام ایندھن کا استعمال بتدریج کم ہوتا جائے گا اور 2040 کی دہائی سے صرف الیکٹرک گاڑیوں کا راج ہوگا۔
ایپل سے زیادہ بڑی کمپنی
ایلون مسک نے 2021 میں ایک ٹوئٹ میں پیشگوئی کی تھی کہ ٹیسلا بتدریج ایپل سے بھی زیادہ بڑی کمپنی بن جائے گی اور بظاہر ایسا ہوتا نظر بھی آ رہا ہے۔
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی انسانیت کے لیے خطرہ
2014 میں ایلون مسک نے اے آئی ٹیکنالوجی کو انسانیت کے لیے لاحق سب سے بڑا خطرہ قرار دیا تھا۔ان کی پیشگوئی تھی کہ یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں جوہری ہتھیاروں سے بھی زیادہ جان لیوا ثابت ہوگی۔
2022 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ انسانیت 2030 کے قریب اے آئی ٹیکنالوجی کے خطرات کو دیکھے گی۔
انسان میٹرکس جیسی ورچوئل دنیامیں رہ رہے ہیں
ایلون مسک نے 2016 میں ایک کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ انسان حقیقی دنیا کی بجائے کسی simulation یا ورچوئل دنیا میں رہ رہے ہیں۔
مگر انہوں نے وضاحت نہیں کی کہ یہ نتیجہ انہوں نے کیسے نکالا۔
کرپٹو کرنسی کو ختم کرنا ممکن نہیں
ایلون مسک نے 2021 میں ایک کانفرنس کے دوران پیشگوئی کی تھی کہ کرپٹو کرنسی کو ختم کرنا ممکن نہیں اور یہ ہمارے ساتھ رہنے والی ہے۔
دماغ سے سب کچھ کرنا ممکن ہوگا
نیورالنک ایلون مسک کا ایک بہت بڑا پراجیکٹ ہے۔اس پراجیکٹ کے تحت ایسی کمپیوٹر میموری چپ پر کام کیا جا رہا ہے جو لوگوں کے دماغ میں نصب کی جائے گی جس کی مدد سے وہ اپنی یادداشت تصاویر کی طرح کمپیوٹر میں محفوظ کرسکیں گے۔اس بارے میں ایلون مسک کی پیشگوئی ہے کہ اس کمپیوٹر چپ سے انسانوں کے لیے ٹیلی پیتھی یا خیال خوانی ممکن ہوجائے گی جبکہ معذور افراد ایک بار پھر چل سکیں گے۔
خلائی سیاحت
ایلون مسک نے یہ پیشگوئی بھی کی ہوئی ہے کہ آنے والے برسوں میں خلائی سیاحت عام ہو جائے گی اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ اس میں سب سے بڑا ہاتھ ان کی کمپنی اسپیس ایکس کا ہی ہوگا جو 2023 میں ایک جاپانی ارب پتی کو چاند پر بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
مریخ پر انسانوں کا پہنچنا
ایلون مسک نے کچھ سال پہلے پیشگوئی کی تھی کہ 2025 تک انسان مریخ پر پہنچ جائیں گے، مگر فروری 2023 میں انہوں نے کہا کہ ایسا ایک دہائی کے اندر (یعنی 2033 تک یا اس سے پہلے) ممکن ہوگا۔
ایلون مسک کی یہ پیشگوئی بھی ہے کہ 2060 تک سرخ سیارے کی سطح پر 10 لاکھ انسان موجود ہوں گے۔