حافظ نعیم کا پی ٹی آئی کے حق میں سندھ اسمبلی کی سیٹ چھوڑنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے فارم 45 کے مطابق نتائج نہ آنے پر پی ٹی آئی امیدوار کے حق میں سیٹ چھوڑ نے کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ فارم 45 کے مطابق یہ سیٹ پی ٹی آئی جیتی ہے، اس پر پی ٹی آئی کا حق ہے،ہم جہاں سے جیتے ہیں وہاں سے ہرا دیا گیا، مجھے صوبائی اسمبلی پہ 30 ہزار ووٹ ملے تھے جنہیں دھاندلی کرکے 26 ہزار کردیا گیا، ہم نے احتجاج کیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ووٹ 30 ہزار کیے، حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ میں اتنا ظرف رکھتا ہوں کہ یہ نشست نہیں لوں گا، کیونکہ میرے ووٹ کم ہیں، اور میرے مدمقابل پی ٹی آئی آزاد امیدوار کے ووٹ مجھ سے زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بس اپنا جائز حق چاہیے جو کہ نہیں ملا، ہمیں کوئی لولی پاپ نہیں چاہیے، میں اتنا ظرف رکھتا ہوں، میں یہ سیٹ نہیں لوں گا، حافظ نعیم نے اپنی سیٹ پہ حلف نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فارم 45 کے مطابق یہ سیٹ پی ٹی آئی جیتی ہے، اس پر حق پی ٹی آئی کا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر کا مزید کہناتھا کہ 8 فروری کو بہت سارے پولنگ سٹیشنز پر وقت پر پولنگ شروع نہیں ہوئی، وقت گزرتا گیا ہم پولنگ شروع نہ ہونے کی شکایات کرتے رہے، عوام کو حق رائے دہی سے محروم کیا گیا، کارروائی کرنے والوں نے پہلے کیمرے ہٹائے اور پھر ڈبے بھرنے شروع کیے، فارم 45 نہیں دیے جا رہے تھے، بڑی تعداد میں پولنگ ایجنٹس کو فارم فراہم ہی نہیں کیے گئے تھے، فارم 47 میں بدترین دھاندلی کی گئی، آر او کے آفسز کو چاروں اطراف سے سیل کیا گیا تاکہ کوئی پرندہ بھی پر نہ مار سکے، ہم حقائق کو مسلسل عوام کے سامنے لاتے رہیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا بلدیاتی الیکشن سے زیادہ لوگوں نے اس بار جماعت اسلامی کو ووٹ ڈالے، ووٹ یا تو جماعت اسلامی کو پڑے یا پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو پڑے، جو کچھ پورے ملک میں ہو رہا ہے وہ تماشے سے زیادہ کچھ نہیں ہے، یہ ڈنڈے اور زبردستی کا مینڈیٹ ہے، ہمیں خیرات کی سیٹ نہیں چاہیے، الیکشن کمیشن کے فارم 47 کے مطابق مجھے 26 ہزار ووٹ ملے لیکن فارم 45 کے مطابق مجھے 30464 ووٹ ملے، تحریک انصاف کو زیادہ ووٹ ملے ہیں، ہم ان کے مینڈیٹ کو قبول کرتے ہیں، ہم تحریک انصاف کی جیت کو تسلیم کرتے ہیں، ایم کیو ایم ایک کونسلر کی نشست بھی نہیں جیت سکتی۔
ان کا کہنا تھا میں اتنا ظرف رکھتا ہوں کہ اعلان کرتا ہوں کہ پی ایس 129 پر آزاد امیدوار جیتا ہے، میں پی ایس 129 کی نشست سے دستبردار ہوتا ہوں، ہمیں ایک ووٹ بھی اضافی نہیں چاہیے اور اپنا ایک ووٹ بھی کسی کو دینے کو تیار نہیں ہیں ، امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا انہوں نے ہمیں اڑا دیا ہے تو یہ ہمیں قوم کے دل سے نہیں نکال سکتے، ہم قانونی اور سیاسی جنگ لڑیں گے، آپ جعلی مینڈیٹ سے لوگوں کے ذہن نہی بدل سکتے۔
یاد رہے کہ حافظ نعیم الرحمان کراچی سے سندھ اسمبلی کے حلقہ 129 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، 147 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان 26926 ووٹ لے کر کامیاب رہے تھے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے معاذ مقدم 20608 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ادھار کے جوتوں سےمیراتھن کا عالمی ریکارڈ جیتنے والا ایتھلیٹ چل بسے