(حسن علی) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کے استعفے کے بعد عبدالعلیم خان پارٹی کے سربراہ اور روح رواں ہیں، ہمیشہ جہانگیر خان ترین کا احترام باقی رہے گا اور ان کی سیاسی بصیرت سے پارٹی استفادہ حاصل کرتی رہے گی۔
استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیٹرن انچیف آئی پی پی جہانگیر خان ترین کے اپنےعہدے سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جہانگیر خان ترین ایک زیرک اور اعلیٰ اقدار کے حامل سیاست دان ہیں، انہوں نے ہمیشہ پروٹیکٹو شیلڈ کے طور پر پارٹی میں اپنا کردار نبھایا، پارٹی کو اس مقام تک پہنچانے میں ان کے کردار کو ہمیشہ سراہا جائے گا، عہدے سے مستعفی ہونے کے باوجود وہ ذاتی حیثیت میں آئی پی پی فیمیلی کا حصہ رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پارٹی چیئرمین شپ اور سیاست سے علیحدگی؟ پرویز خٹک کا بیان بھی آگیا
انہوں نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں ہمیشہ جہانگیر خان ترین کا احترام باقی رہے گا، استعفیٰ کے باوجود آئی پی پی ان کی سیاسی بصیرت سے استفادہ حاصل کرتی رہے گی، ان کے استعفیٰ کے بعد صدر عبدالعلیم خان پارٹی کے سربراہ اور روح رواں ہیں، یقین ہے کہ صدر آئی پی پی اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں سے پارٹی کو مزید مستحکم کریں گے، آئی پی پی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سمیت تمام قیادت اور ورکرز ان کے ساتھ ہیں، آئی پی پی نے بہت تھوڑے عرصے میں اپنی الگ شناخت بنائی ہے، انشاء اللہ آنے والے دنوں میں آئی پی پی مزید مستحکم اور فعال ہو گی۔