پہلی بیوی کوصائمہ سے دوسری شادی کاکیسے پتہ چلا؟سید نورکااہم انکشاف

دوسری شادی پربچے اکثر بدتمیزی کرتے تھے،رخسانہ نے ایک لفظ نہیں کہا اور خاموشی اختیار کرلی

Feb 12, 2025 | 12:22:PM
پہلی بیوی کوصائمہ سے دوسری شادی کاکیسے پتہ چلا؟سید نورکااہم انکشاف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز)معروف فلم ساز سید نورنے کہا ہے کہ پہلی بیوی رخسانہ نور کو اداکارہ صائمہ سے ان کی دوسری شادی کی خبر اخبار کے ذریعے ہوئی تھی۔

معروف فلم ساز، ہدایت کار،مصنف اورشومین آف لالی ووڈ سید نور نے 24 پلس کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کے دوران پیش آنے والے مختلف تنازعات پربھی کھل کر بات کی،فضاعلی اس پوڈکاسٹ کی میزبان تھیں۔

سیدنور نے بتایا کہ مجھے زندگی میں پہلی محبت ٹیوشن ٹیچر سے ہوئی تھی، اسی وجہ سے وقت سے پہلے پڑھنے چلا جاتا تھا اور دیر تک بیٹھا رہتا تھا، میں نے اپنی ٹیچر سے اظہار محبت بھی کردیا تھا، جس پر ٹیچر نے مجھے فلمیں کم دیکھنے اور پڑھائی پر توجہ دینے کی نصیحت کی تھی۔

پہلی بیوی رخسانہ نور سے پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے سیدنور نے بتایا کہ رخسانہ صحافی تھیں،وہ ان کا انٹرویو لینے آئی تھیں، جس وقت ان سے ملاقات ہوئی وہ ایک کامیاب لکھاری بن چکے تھے،انٹرویو شائع ہونے کے بعد لینڈ لائن پر باتوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ چل نکلا، جس کا انجام شادی پر ہوا، پہلی بیوی کی وجہ سے انڈسٹری میں سکون سے کام کرسکا۔

سیدنورنے پہلی بیوی کو دوسری شادی کے حوالے سے چار پانچ سال بے خبر رکھنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ رخسانہ کو دوسری شادی کا علم ایک اخبار کی خبر سے ہوا تھا،اسے طاہر سرور میر نے اخبار میں شائع کیا کیونکہ صائمہ نے انہیں شادی کے بارے میں بتایا تھا۔

سید نور نے بتایا کہ صائمہ سے شادی پر میرے بچے بہت غصہ ہوئے تھے،وہ اکثر بدتمیزی بھی کرتے تھے،تاہم جب کبھی بچے دوسری شادی کے حوالے سے مجھ سے بدتمیزی کرنے کی کوشش کرتے تو رخسانہ انہیں روکتیں اور سمجھاتیں، رخسانہ نے مجھے کہا جب آپ نے دوسری شادی کرہی لی ہے تو صائمہ کو اس کا حق دیں۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی اہلیہ کی موت کے بعد دوسری اہلیہ صائمہ نے جس طرح میرے بچوں کو سنبھالا تو اب بچے اس کے دیوانے ہوگئے ہیں اور بےحد عزت بھی کرتے ہیں۔

اداکارہ صائمہ سے پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے  سیدنور نے کہا کہ فلم "گھونگھٹ" کے دوران ہماری پہلی ہوئی تھی،اس فلم کے بعد اداکار شان اور صائمہ دونوں ہی مقبول ہوگئے تھے۔

انہوں نے  صائمہ سے محبت کے اظہار کے حوالے سے بتایا کہ ایک دن میں اُنہیں شوٹنگ کے لیے ان کے گھر سے لینے گیا اورہم دونوں باتیں کر رہے تھے تو میں نے ان کا ہاتھ تھام لیا، جیسے ہی میں نے ہاتھ تھاما تو اُنہوں نے فوراً مجھ سے کہا کہ اب جب کہ آپ نے میرا ہاتھ تھام لیا ہے تو کبھی مت چھوڑیے گا،یہ  میرے  لیے محبت کا ایک امتحان تھا اور پھر انہوں نے صائمہ کا ہاتھ ہمیشہ کے لیے تھامنے کا فیصلہ کر لیا۔

سیدنور نے کہاکہ میں نے جو محبت اور وعدہ کیا تھا، وہ پورا کیا، دوسری شادی کو 22 سال ہوگئے میں آج بھی اپنی محبت نبھا رہا ہوں، اس دوران کبھی ہمارا جھگڑا نہیں ہوا،صائمہ سے نکاح ان کے گھر والوں کی موجودگی میں کیا تھا۔

دوسری شادی پر پہلی اہلیہ کے ردعمل کے حوالے سے سیدنور کا کہنا تھا کہ یہ خبر جان کر پہلی اہلیہ اس قدر ناراض ہوئیں کہ انہوں نے غصے میں ایک لفظ تک نہیں کہا اور خاموشی اختیار کرلی،تاہم ان کے ایک پڑوسی نے بات کی اور کہا کہ یہ تم نے کیا کردیا،پہلی اہلیہ نے ان کا فیصلہ تسلیم کیا اور وہ بہت مددگار بیوی ثابت ہوئیں۔

سیدنور نے دیگر بیویوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کو غلط کام سے روکیں اور دوسری شادی کی اجازت دے دیا کریں۔

انہوں نے دونوں بیویوں کی پہلی ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صائمہ اقبال ٹاؤن میں اپنی فلم کی شوٹنگ کر رہی تھیں جہاں وہ مقیم تھے،شوٹنگ کے دوران لوگ ان کے گرد جمع ہوگئے اور انہیں پریشان کرنا شروع کردیا، جس کے بعداداکارہ نے کسی قریبی گھر میں آرام کرنے کا فیصلہ کیا تو ڈرائیور انہیں میرے گھر لے گیا جو اقبال ٹاؤن میں واقع تھا،میری پہلی بیوی اس وقت گھرپر نہیں تھیں، جب وہ واپس آئیں تو انہوں نے پوچھا، گھر میں کون ہے، جواب دیا گیا کہ صائمہ، جس پر وہ چونک گئیں،پھر رخسانہ کچن میں گئیں اور صائمہ کے لیے چائے تیار کی، ملازموں سے کہا کہ انہیں چائے دے دو اور خود اپنے کمرے میں چلی گئیں۔

سید نور کااداکارہ ریشم کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کچھ نہیں کیا، تاہم ان سے معافی چاہتا ہوں۔

گزشتہ سال ایک پوڈ کاسٹ میں ریشم نے انکشاف کیا تھا کہ ان کے فلمی کیریئر کو تباہ اور ختم کرنے میں سید نور کا ہاتھ ہے کیونکہ انہوں نے انہیں کاسٹ کرنے کے بجائے صائمہ کو کاسٹ کرنا شروع کردیا تھا،میں نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی نہیں ماری بلکہ سید نور نے میرے پیروں پر کلہاڑی ماری۔

واضح رہے کہ سید نور ایک تجربہ کار پاکستانی فلم ڈائریکٹر ہیں جوپاکستان فلم انڈسٹری کی بقاکی جنگ لڑرہے ہیں،وہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کے خلاف سب سے تواناآواز رہے ہیں،چوڑیاں، جیوا، سنگم، سرگم، مجاجن اور تیرے باجرے دی راکھی جیسی فلمیں ان کے کریڈٹ پر ہیں،وہ آج کل ایک فلم "للکاراسنگھ ان لاہور"بنارہے ہیں۔