مزار قائد کی بے حرمتی ،  آئندہ سماعت پر فریقین طلب

Jan 12, 2021 | 12:29:PM
مزار قائد کی بے حرمتی ،  آئندہ سماعت پر فریقین طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی کی عدالت نے مزار قائد کی مبینہ بے حرمتی کرنے کے خلاف کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور مریم نواز  کیخلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر آئندہ سماعت پر فریقین کو طلب کرلیا، عدالت نے مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔
 تفصیلات کے مطابق مزار قائد کے ایڈمنسٹریٹر سید غلام اکبر میمن کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں سماعت ہوئی، درخواست گزار نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ لیگی رہنماؤں نے شدید نعرے بازی کرکے مزار کا تقدس پامال کیا، ملزمان نے مزار کی گرل توڑی اور نقصان بھی پہنچایا، درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، مریم اورنگزیب اور دیگر کیخلاف کارروائی کی جائے،ملزمان کیخلاف دفعہ فوجداری کے تحت مقدمہ بنتا ہے۔اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے واقعے کی ویڈیو شواہد بھی جمع کروائی گئی ۔عدالت نےموقع پر موجود مزار قائد کے ملازمین بطور گواہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم صادر کیا اور  آئندہ سماعت پر فریقین کو طلب کرلیا،مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔

 واضح رہے کہ متعلقہ عدالت  گزشتہ دنوں مزار قائد بے حرمتی کیس خارج کرچکی ہے،پولیس چالان کی روشنی میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر و دیگر کو بری کیا گیاتھا۔عدالت نے ٹھوس شواہد پیش نہ کرنے پر الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا۔