سابق وزیرعظم یوسف رضا گیلانی پر 3 فروری کو فردِ جرم عائد ہو گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی و دیگر کے خلاف اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں فردِ جرم عائد کرنے کیلئے3 فروری کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت کی جانب سے ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث آج فردِ جرم کی کارروائی مؤخر کر دی گئی۔اس موقع پر احتساب عدالت نے ریمارکس دئیے فردِ جرم کی کارروائی کے لئے فروری کی کوئی تاریخ رکھتے ہیں۔ملزمان کے وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ فروری میں جو بھی تاریخ رکھیں بس 14 فروری نہ رکھیں، جس پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔
بعدازاں عدالت نے یوسف رضا گیلانی و دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 3 فروری کی تاریخ مقرر کر دی۔
دوسری جانب نیب نے عدالت سے مسلسل غیر حاضر ملزم فاروق اعوان کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کر دی۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سابق سیکریٹری آئی ٹی فاروق اعوان عرصۂ دراز سے بیرونِ ملک ہیں، جو عدالت میں حقائق چھپاتے ہوئے بیماری کی بنیاد پر استثنیٰ کی درخواست دائر کر دیتے ہیں۔عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو آج ہی پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر سے رپورٹ لے کر وارنٹس جاری کرنے کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔