کرکٹ کمیٹی کا قومی ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار 

Jan 12, 2021 | 17:40:PM

(24نیوز)پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بائولنگ کوچ وقار یونس کی خصوصی شرکت، ٹیم کی گزشتہ 16 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔کرکٹ کمیٹی کا قومی ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار ۔
تفصیلات کے مطا بق سربراہ کرکٹ کمیٹی سلیم یوسف نے کہا ہے کہ کوویڈ 19 کی وباء اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اثرانداز ہوئی۔کمیٹی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے بعد ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لے گی ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں دوسری پوزیشن پر آنے کا کوئی پوائنٹ نہیں رہتا۔ عالمی وباء کے باعث صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہی نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کی ٹیموں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔کمیٹی کا ماننا ہے کہ ٹیم کے انتخاب اور فائنل الیون کے لیے کھلاڑیوں کے چنائو میں بہتری ہونی چاہیے تھی، مشکل صورتحال سے نمٹنے کےلیے کھلاڑیوں کی تیاری میں سائنس اور ڈیٹا بیس سے مددلینے پر زور دیا گیا ہے۔
 مصباح الحق اور وقار یونس کی آمد سے قبل چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بھی کرکٹ کمیٹی کو اپنی سلیکشن پالیسی سے متعلق بریفنگ دی ۔کرکٹ کمیٹی نے اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ اور ویمنز کرکٹ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔

مزیدخبریں