افغان حزب وحدت اسلامی کے چیئرمین کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں،امن کی خواہش کا اظہار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)افغان حزب وحدت اسلامی کے چیئرمین محمد کریم خلیلی کا جی ایچ کیو کا دورہ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، خطے میں امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، افغان امن عمل میں ہونے والی پیشرفت پر بھی بات چیت ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، ترقی کرتا افغانستان پاکستان اور اس کے اپنے بہتر مفاد میں ہے، ملاقا ت میں کریم خلیلی نے خطے میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی اور پاک افغان تعلقات پر آرمی چیف کے ویژن کو سراہا ۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان سے بھی چیئرمین حزب وحدت اسلامی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک افغان تعلقات اورافغان امن عمل پربات چیت کی گئی۔
بعدازاں افغان حزبِ وحدت اسلامی کے سربراہ استاد کریم خلیلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر ہوں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے ملاقاتیں ہوئیں گذشتہ رات سپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقات ہوئی تھی، افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا پہلا رائونڈ مکمل ہو گیا ہے پہلے رائونڈ کی کامیابی میں دیگر ممالک کی حمایت پر شکر گزار ہیں ،مذاکرات کا دوسرا رائو نڈ شروع ہو چکا ہے، دوسرے رائونڈ کے حوالے سے دو نشستیں ہو چکی ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاچار دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے افغانی عوام خون اور جنگ سے نبردآزما ہے ہم اس جنگ کا پر امن خاتمہ چاہتے ہیں امن کیلئے یہ سنہری موقع ہے ہم پائیدار اور شفاف امن چاہتے ہیں، افغان عوام امن کی خواہاں ہیں۔