براڈ شیٹ سکینڈل پر بنائی گئی کمیٹی جلد اہم انکشافات کریگی، شبلی فراز
Stay tuned with 24 News HD Android App
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ سکینڈل سے حالیہ دنوں میں آنے والے بیانات کی روشنی میں بین الوزارت کمیٹی بنائی گئی ہے جو آنے والے دنوں میں انکشافات کرے گی۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ اداروں کی آڈٹ پرائیویٹ سیکٹر سے کروائی جاتی تھی لیکن ہم آہنگی لانے کے لئے ایک میکنزم بنایا گیا ہے جس طرح نیشنل بینک آف پاکستان، او جی ڈی سی ایل، پی ٹی سی ایل اور ان جیسے خود مختار اداروں میں بھی آڈیٹر جنرل کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں اداروں میں اصلاحات پر بات ہوئی کیونکہ اداروں میں صلاحیت، شفافیت اور احتساب کا عمل کمپرومائز ہوتا ہے اس لئے فیصلہ ہوا ہے کہ آنے والے دنوں میں ہم اپنی تمام اصلاحات کو سامنے لائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے جو اصلاحات کی ہیں اس کے حوالے سے ایک تفصیلی پریس کانفرنس میں آگاہ کیا جائے گا جس میں جو اصلاحات مکمل ہوئی ہیں اور جو زیر تکمیل ہیں ان کی تفصیل بتائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 445 ادارے تھے جن کو ہم 341 پر لے آئے ہیں، کچھ کو ضم کیا اور چند اداروں کو ختم کردیا ہے۔
کابینہ اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے تحت وزارتیں صوبوں کو دینے کے باوجود وفاقی حکومت کے ملازمین کا حجم کم ہونے کے بجائے بڑھ گیا، اس ضمن میں پنشن کی مد میں ادائیگیاں ہوتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے پنشن کمیشن کو بھی اپنی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی کیونکہ یہ اہم چیزیں ہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے خلاف کوئی بھی نہیں ہیں لیکن اس میں کچھ نقائص ہیں جن کو ٹھیک کرنا ضروری ہے، اس کمیٹی کے سربراہ شفقت محمود ہیں اور اس حوالے سے بھی گفتگو کی گئی کیونکہ صوبائی اور وفاقی ملازمین کے درمیان عدم توازن کو بھی درست کرنا بڑا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی اسمگلنگ سے معیاری پیٹرول کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے، سمگل شدہ پیٹرول ماحولیات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ قومی خزانے کو تقریباً 180 ارب روپے کا نقصان دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کارروائیاں آج سے شروع ہوئی ہیں اور 192 پیٹرول پمپس کے خلاف ایف بی آر، کسٹمز اور پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں نے جامع حکمت عملی بنائی ہے اور کارروائی شروع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 192 پیٹرول پمپس کو سیل کردیا گیا ہے، سزا بھی سخت اور انہیں جوابات دینے کے لئے ایک ہفتہ دیا گیا ہے، دوسرا جب طے ہوجائے کہ سمگل شدہ پیٹرول بیچا جا رہا تھا تو بڑی سخت سزا ہوگی۔
وفاقی وزیرنے اپنے والد احمد فرا ز کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بیٹے کیلئے یہ فخر کی بات ہے کہ لوگ اس کے والد کی تعریف کریں۔ان کا کہنا تھا کہ فراز کا بیٹا ہوتے ہوئے میرے لئے شرمندگی کی بات ہے کہ میں اردو کو زیادہ نہ سمجھ سکا، میں باہر بینکر کی جاب کرتا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ابا کا ایک کارڈ دیکھ کر میں واپس آیا تھا، ابا نے کارڈ میں لکھا تھا یہ عید بھی تمہارے بغیر گزر گئی، پھر میں ملک واپس آیا اور ابا سے میری دوستی ہوگئی۔ شبلی فراز نے اپنے والد مرحوم کا شعر پڑھا ،شہر والوں کی محبت کا میں قائل ہوں ورنہ ، میں نے جس ہاتھ کو چوما وہی خنجر نکلا۔