کیا پی ٹی آئی غیر حاضر 5 ایم پی ایز کیخلاف کارروائی کرے گی؟

Jan 12, 2023 | 16:20:PM

(عثمان دل محمد) پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پرویز الہٰی پر اعتماد کے ووٹ کے دوران پی ٹی آئی کے 5 ایم پی ایز غیر حاضر رہے، کیا تحریک انصاف اپنے غیر حاضر ارکان کے خلاف کارروائی کرسکے گی ؟۔

رات گئے چوہدری پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ راجہ بشارت اور میاں اسلم اقبال نے اعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش کی جس کے بعد ووٹنگ کا عمل ہوا، ووٹنگ کی گنتی کے مطابق پرویز الٰہی نے 186 ووٹ حاصل کیے۔

وزیراعلیٰ پرویز الہٰی پر اعتماد کی ووٹنگ کے دوران تحریک انصاف کے 5 اراکین پنجاب اسمبلی غیر حاضر رہے۔ جن میں خرم لغاری، مومنہ وحید، فیصل فاروق چیمہ، دوست مزاری، چوہدری مسعود شامل ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا آپریشنز اظہر مشوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ خرم لغاری، مومنہ وحید، فیصل فاروق چیمہ، دوست مزاری اور چوہدری مسعود اسمبلی نہیں آئے، پانچوں کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ نے63  اے کی تشریح پر مختصر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا تھا کہ پارٹی سے مںحرف ہونے والے رکن اسمبلی کا ووٹ شمار نہیں ہوگا جب کہ پارٹی ہدایات کے خلاف ووٹ ڈالنے پر وہ نااہل بھی قرار پائے گا البتہ ووٹنگ کے دوران اجلاس سے غیر حاضر رہنے والوں سے متعلق آئین خاموش ہے۔

ادھر صحافی کے سوال کیا پی ٹی آئی غیر حاضر ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس بھیجی گی پر سابق وفاقی وزیر و پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اب غیر حاضر ایم پی ایز کے خلاف نااہلی ریفرنس بھیجنے کا کوئی فائندہ نہیں، کیونکہ آج رات تک اسمبلی ٹوٹنے جا رہی ہے۔

مزیدخبریں