(ظفر ڈوگر، اویس کیانی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ جاری نہ کرنے کے بعد طلال چودھری کو سینٹ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق این اے 96 جڑانوالہ سے ٹکٹ کے لئے طلال چوہدری کی آخری کوشش بھی ناکام ہو گئی، نواب شیر وسیر کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ برقرار ہے، این اے 96 سے ن لیگ کے امیدوار نواب شیر وسیر ہی ہوں گے، نواب شیر وسیر کے ٹکٹ کی لیگی قیادت نے توثیق کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فرخ حبیب اور شفقت محمود انتخابات سے آؤٹ، الیکشن کمیشن سے بڑی خبر آ گئی
طلال چوہدری کے حامیوں کو صوبائی حلقوں کے ٹکٹ دے دئیے گئے، پی پی 100 سے خان بہادر ڈوگر، پی پی 101 سے طلال چوہدری کے والد اشرف چوہدری ن لیگ کے امیدوار ہوں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے طلال چوہدری کو سینیٹ کے الیکشن میں ٹکٹ دیئے جانے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی فیصلے سے طلال چوہدری کو آگاہ کر دیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے طلال چوہدری کو سینٹ ٹکٹ دینے کی خوشخبری سنا دی، پارٹی قائد نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک نواز کو مئیر فیصل آباد بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ نے طلال چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن حکومت سے نجات دلانے میں آپ کا بڑا حصہ اور قربانی ہے، پارٹی آپ کی قربانیوں اور محبت کی قدر کرتی ہے، جماعت آپ کی مخلصانہ جدوجہد کو بھول نہیں سکتی، قومی اسمبلی کا ٹکٹ نہ دینے کا مطلب آپ کو نظر انداز کرنا نہیں ہے۔