کرم میں بنکرز کی مسماری آج سے شروع،امدادی سامان کا ایک اور قافلہ بگن پہنچ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )کرم میں امن معاہدے کے تحت بنکرز تباہ کرنے کا پہلا مرحلہ آج سے شروع ہوگا جبکہ امدادی سامان کی فراہمی کے لئے ایک اور قافلہ سخت سکیورٹی میں بگن پہنچ گیا۔
ضلع کرم میں قیام امن کیلئے ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد شروع ہوگیا، اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ضلع کرم نے اپر اور لوئر کرم کے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایکسیئن کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا کہ بنکرز کے خاتمے کیلئے ضروری مشینری کا بندوست کیا جائے، بنکرز خاتمے کے وقت ایکسیئن کی موجودگی ضروری ہے۔
کوہاٹ معاہدے کے تحت بنکرز کو مسمار کرنے کیلئے ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر ضلع کرم نے اپر اور لوئر کرم کے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کر دیئے ہیں، خط میں کہا کہ بنکرز بالش خیل اور کر کلی میں تباہ کئے جائیں گے۔
دوسری جانب پارا چنار میں اشیائے ضروریہ کی قلت دور کرنے کےلئے امدادی سامان کا ایک اور قافلہ سخت سکیورٹی میں بگن پہنچ گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ٹل سے بگن متاثرین کو صوبائی حکومت کی جانب سے مزید 7 امدادی ٹرک بھیجے گئے، امدادی سامان میں کمبل، ٹینٹ، کچن سیٹ اور مختلف اشیا شامل ہیں جبکہ امدادی سامان پر مشتمل 50 ٹرک ہنگو اور ٹل میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ پہلے قافلے میں بگن میں متاثرین کو 10 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان بھیجا گیا تھا۔