(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کراچی میں مزید موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں ۔14 جولائی کو ہوا کا کم دباؤ صوبہ سندھ کے علاقوں میں شدت کے ساتھ داخل ہوگا۔
مون سون ہواؤں کے باعث 14 سے17 جولائی کے دوران سندھ میں کراچی، حیدر آباد سمیت دیگر کئی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان کے متعدد مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ اکثر مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ جس کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی میں شمولیت ؟ شاہ محمود قریشی نےخاموشی توڑ دی
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 سے 15 جولائی کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کےساتھ بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں کشمیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد ، خانپور اور دیگر شامل ہیں۔
13 اور 14 جولائی کو راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد، لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جب کہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے موسمی صورت حال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔