(کومل اسلم، رابیل اشرف ) لاہور میں مون سون کا دوسرا سپیل انٹری کے لیے تیار، آج رات شمال مغربی ہوائیں لاہور میں داخل ہوں گی جو 13 جولائی کو شہر میں بارشوں کا سبب بنیں گی تاہم اس وقت ملک کا موسم گرم اور خشک ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم 26 اور زیادہ سے زیادہ 36 ریکارڈ کیا جائے گا۔
بارش برسانے والا یہ سپیل آئندہ 17 جولائی تک لاہور میں رہے گا۔ بارشوں کا یہ اسپیل پہلے اسپیل کی نسبت کم بارشیں برسائے گا۔ ماہرین کی جانب سے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کر دی گئی۔
سیاح سیاحتی مقامات پر موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے رُخ کریں۔ واسا حکام کو بھی کمر کس لینے کی ہدایات کر دی گئی کہ شہریوں کے لیے بارش زحمت نا بننے پائے۔
ائیر کوالٹی انڈیکس کی شرح 135 کے ساتھ لاہور دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ شاہدرہ 188, مال روڈ 154, جوہر ٹاؤن 122, انارکلی بازار 105 ائیر کوالٹی انڈیکس کی شرح ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ کے بیشتر اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ تاہم شام یا رات میں بالاکوٹ ،ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
شام یا رات میں مری، گلیات، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے تیز ہواؤں اورگرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: عسکری ٹاور حملہ کیس: یاسمین راشد کی 3 مقدمات میں ضمانت پر سماعت 7 اگست تک ملتوی
دوسری جانب شہر قائد میں صبح سویرے ہواؤں کا راج، تاہم سورج کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوپہر کے اوقات میں درجہ حرارت بڑھنے کی توقع ہے ۔ دوپہر کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جائے گا۔
شمال مشرق سمت سے چلنے والی ہوا کی رفتار 24 کلو میٹر ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے۔ ہوا میں آلودگی کے ذرات کی تعداد 116 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ پاکستان کے آلودہ شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر ہے جبکہ دنیا کے آلودہ شہروں میں کراچی 7ویں نمبر پر ہے۔