ژوب گیریژن پر حملے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی تعداد 9 ہوگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)شمالی بلوچستان ژوب کینٹ میں آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے 5 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جس کے بعد شہید جوانوں کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ژوب کینٹ میں کلیئرنس آپریشن مکمل کردیا گیا اور آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آپریشن میں شدید زخمی ہونے والے 5 سکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوگئے جس کے بعد آپریشن میں بہادری سے لڑتے ہوئے شہید جوانوں کی تعداد 9 ہو گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قوم دشمن کی ہر سازش ناکام بنانےکےلیے پرعزم ہیں، پاکستان کا امن خراب کرنےکی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔
خیال رہے کہ دہشتگردوں نے آج ژوب گیریژن میں گھسنے کی کوشش کی جہاں ڈیوٹی پر موجود فوجیوں نے دہشتگردوں کی اس کوشش کو روکا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 فوجی جوان شہید ہوئے تھے اور 3 دہشتگرد مارے گئے تھے بعد ازاں کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔