(ویب ڈیسک) مون سون کی بارشوں کے باعث لاہور کےعلامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دو ماہ کیلئے مخصوص اوقات میں بند رکھا جائے گا۔ بارشوں کے باعث ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والی پروازوں کو لاحق خطرات میں اضافے کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ کو پرندوں کی بہتات کے وقت بند رکھنے کا حکم دے دیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹم کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کو دو ماہ کے لیے مخصوص اوقات میں بند رکھا جائے گا۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے رن وے پر صبح کے اوقات میں سب سے زیادہ پرندوں کی بھرمار ہوتی ہے، جس کی وجہ سے پرائمری اور سیکنڈری دوںوں رن وے صبح 5 سے 8 بجے تک بند رکھے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: قرآن پاک کی بے حرمتی، انسانی حقوق کونسل میں پاکستانی قرارداد منظور
سول ایوی ایشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 15 جولائی سے 15 ستمبر 2023 تک ہو گا۔ نوٹم کے مطابق ایمرجنسی کی صورت میں پندرہ منٹ کی پیشگی اطلاع پر طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت دی جائے گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی کے متعلق تمام ایئرلائنز کو آگاہ کرتے ہوئے پروازوں کے اوقات کار میں ردوبدل کرنے کی ہدایات کردی ہے۔