دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ، نگران وزیراعلیٰ پنجاب جھنگ پہنچ گئے

Jul 12, 2023 | 17:23:PM

This browser does not support the video element.

(24 نیوز) دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافے کے بعد علاقے کی صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی جھنگ پہنچ گئے۔

وزیراعلیٰ نے کھروڑا باقر اور دیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، دریا میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور زیرِ آب دیہات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے دریا میں پانی کی صورتحال کو ہمہ وقت مانیٹر کرنے اور زیرِ آب دیہات میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے دریا کے بیڈ میں موجود آبادیوں کا انخلاء جلد از جلد یقینی بنایا جائے اور محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو1122 کو الرٹ رکھا جائے۔

اس موقع پر کمشنر فیصل آباد ڈویژن نے امدادی سرگرمیوں، ریلیف اور میڈیکل سہولتوں کی فراہمی کیلئے کیے گئے انتظامات کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دریائے چناب کے بیڈ میں موجود 40 دیہات میں پانی آیا ہے اور 48 ہزار افراد متاثر ہوئے جن کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے امدادی و میڈیکل کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ پنجاب رات گئے اچانک قصور کے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے

ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے کوئی جانی نقصان نہ ہو، بعض دیہات میں 3 سے 4 فٹ تک پانی موجود ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ دریائے چناب میں کھروڑا باقر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے لیکن ریسکیو انتظامات مکمل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سانپ کے کاٹنے کے علاج کی ویکسین اوردیگر ضروری ادویات بھی  میڈیکل کیمپس میں موجود ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کمشنر فیصل آباد سے دریائے چناب کے باعث اراضی دریا برد ہونے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ 

اس دوران صوبائی وزیر منصور قادر، کمشنر فیصل آباد ڈویژن، آر پی او فیصل آباد، سیکرٹری صحت، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جھنگ بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کیساتھ موجود تھے۔

مزیدخبریں