وزیراعظم اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت

Jul 12, 2024 | 00:34:AM
وزیراعظم اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی،ملاقات میں دو طرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر بات چیت ہوئی،دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔

وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر کو خوش آمدید کہا ،وزیراعظم شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو پاکستان میں دیکھ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے، دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری کے لئے آپ کا دورہ پاکستان انتہائی خوش آئند اور ایک اہم سنگ میل ہے ،پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ 

وزیراعظم کا مزید کہناتھا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی، توانائی، سیاحت، ثقافتی، تعلیمی، ٹیکنالوجی، صحت کی دیکھ بھال اور ماحولیاتی تعاون، دونوں ممالک کے عوام کے آپس کے روابط سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو بڑھایا جائے گا ۔

وزیراعظم نے باکو کو  انتیسویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کی میزبانی ملنے پر آذربائیجان کے صدر کو مبارکباد اور اس حوالے سے پاکستان کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی، بعد ازاں دونوں رہنماؤں کی قیادت میں دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔بعد ازاں وزیراعظم اور آذربائیجان کے صدر نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی اور مشترکہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کی،آذربائیجان صدر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کی اور کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیری لوگوں کی امنگوں کے مطابق آزادانہ استصوابِ رائے سے حل ہونا چاہئے۔

آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ ابتدائی طور پر آذربائیجان پاکستان میں مختلف شعبوں میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا،انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اسلام آباد کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی میں اضافے کیلئے تعاون میں اضافہ کرے گا۔

دونوں اطراف نے باکو اور پاکستان کے مابین پروازوں میں اضافے پر اتفاق کیا، علاوہ ازیں دونوں ممالک نے سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے پر بھی زور دیا، وزیراعظم نے آذربائیجان میں پاکستانی چاول کی ڈیوٹی فری برآمد کے فیصلے پر آذربائیجان کے صدر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت معطل کرنےکی ہدایت کردی