ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ،لاہور جل تھل،مزید بارشوں کا الرٹ جاری ،انتظامیہ کو چوکس رہنے کا حکم

Jul 12, 2024 | 09:35:AM
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ،لاہور جل تھل،مزید بارشوں کا الرٹ جاری ،انتظامیہ کو چوکس رہنے کا حکم
کیپشن: File Photo
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، صوبائی دارالحکومت میں جل تھل ایک ہو گیا، قصور،گوجرانوالہ، اٹک، ٹیکسلا اور دیگر شہروں میں بھی ابر کرم برس پڑے، اسلام آباد، راولپنڈی میں بادل کھل کر برسے،کراچی میں بھی بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا،این ڈی ایم اے نے آئندہ تین روز تک بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا۔

لاہور شہر اور گردونواح میں بارش  ہونے سے موسم خوشگوارہوگیا،بارش سے شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے،لاہور کے نشیبی  علاقے پانی میں ڈوب گئے،انتظامیہ پانی نکالنے میں مصروف نظر آئی ۔
محکمہ موسمیات کے بعد شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  کیا گیا ۔زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ،ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ریکار ڈکیاگیا،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش متوقع ہے۔

ادھر لاہورکے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی،لیسکو کے 260 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے،فیڈرز ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پی ڈی ایم اے  نے الرٹ جاری کیا ہے کہ  پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید بارش  ہوگی۔ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے،1122سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں،نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں،شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔

کراچی کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی ۔نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، دستگیر،کریم آباد، لیاقت آباد میں بوندا باندی ہوئی۔شہر میں تیز سمندری ہوائیں بھی چلنا شروع ہوگئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔البتہ خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔