(24نیوز)پی ٹی آئی رہنما اور معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ آج پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دن ہے،پاکستان کی تاریخ میں بہت کم ایسے دن ہیں جب طاقتور اور جابر کے ارادوں کو عدالت نے مات دی ہو ۔
سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ یہ چاہتے تھے کہ سیٹیں ہم سے چھین کر اور ہمیں مال غنیمت کے طور پر بانٹتے اور آئین کا حلیہ بگاڑتے،ان کے ارادے آج پاش پاش ہو ئے ہیں،آج آئین کی فتح ہوئی ہے،یہ بہت بڑا دن ہے،آج ہم نے قانونی جنگ جیتی ہے،اب ہمیں سیاسی جنگ بھی جیتنی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ پاکستان کے عوام کا8فروری کو جو ارادہ تھا،اس کو سلب کیا گیا،ہمارا وعدہ ہے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،آج کی قانونی فتح پہلا قدم ہے اس منزل کی جانب،ان کاکہناتھا کہ ہماری منزل یہی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت ہو،پاکستان میں آئین کا دور دورہ ہو،جو لوگ آئین اور جمہوریت کوپامال کرتے ہیں،ان کو شکست ہوہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔