وزیر داخلہ کیجانب سے ایف آئی اے کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش، متعدد صارفین کی اوور بلنگ کا انکشاف

Jul 12, 2024 | 21:00:PM

(اویس کیانی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سید محسن رضا نقوی نے ملاقات کی اور ایف آئی اے کی رپورٹ پیش کی جس میں متعدد صارفین کو اوور بلنگ کیے جانے کا انکشاف ہوا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سید محسن رضا نقوی نے ملاقات کی، ملاقات میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بات چیت ہوئی، وفاقی وزارت داخلہ سے متعلق دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اوور بلنگ سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی، 3 دن قبل وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو پروٹیکیٹڈ صارفین کو اضافی بلز بھجوانے کے لئے ٹاسک دیا تھا، ایف آئی اے نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں متعدد کمپنیوں کی صارفین کو اووربلنگ کا انکشاف ہوا ہے، رپورٹ میں ڈسکوز اور ذمہ داروں کا تعین بھی کیا گیا ہے، رپورٹ میں اووربلنگ کی وجوہات اور سفارشات بھی دی گئی  ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل واوڈا کی پی ٹی آئی سے متعلق اہم پیش گوئی

ملاقات میں وزیراعظم نے محرم الحرام کے مہینے بالخصوص عاشورہ کے دوران صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں سے سیکیورٹی امور پر ہم آہنگی اور روابط مزید بہتر کرنے کی ہدایت جاری کی۔

مزیدخبریں