(24 نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزاﺅں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
تفصیلا ت کے مطابق اسلام اباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ عدالتی معاون اعظم نذیر تارڑ نے عدالتی فیصلوں کی نظیروں کے ساتھ دلائل دیئے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی معاون نے کہا کہ اس کیس میں اپیل کنندہ سابق وزیرِ اعظم اور سیاسی شخصیت ہیں، عدالت کو اس اپیل کو سنتے ہوئے احتیاط سے کام لینا چاہیئے۔
عدالت عالیہ نے حکم نامے میں کہا ہے کہ عدالتی معاون نے کہا کہ کسی عام غریب آدمی کا کیس ہوتا تو ایسی احتیاط ضروری نہیں تھی، ان کی غیر موجودگی میں ٹرائل سپریم کورٹ نے کالعدم کئے ہیں۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی معاون اعظم نذیر تارڑ کے دلائل کے مطابق اپیل بھی ٹرائل کا تسلسل ہے۔ ایک سوال پر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدالت مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اپیل سن سکتی ہے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی معاون نے کہا کہ جو اشتہاری ہیں ان کی اپیل التوا میں رکھی جائے یا عدم پیروی خارج کر دی جائے، سرنڈر کرنے پر نواز شریف کی زیرِ التوا اپیل سن لی جائے، خارج ہو تو وہ بحال کرا لیں۔عدالتی معاون نے کہا کہ معاملے کو آرٹیکل 9 اور 10 اے کے تناظر میں بھی دیکھنا چاہیئے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے وکیل جہانزیب بھروانہ نے نواز شریف کی اپیل میرٹ پر خارج کرنے کا کہا۔حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب نے سپریم کورٹ کے حیات بخش کیس اور دیگر کیسز کے فیصلوں پر دلائل کا انحصار کیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعظم نذیر تارڑ کی معاونت کے لئے وقت دینے کی استدعا منظور کر لی، کیس کی سماعت 23 جون کو ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: گروتھ کو مستحکم کرنے کیلئے500 ارب روپے اضافی ٹیکس جمع کریں گے۔ وزیرخزانہ
نوازشریف، مریم، صفدر کی سزاوں کیخلاف اپیلوں پر سماعت کا حکم نامہ جاری
Jun 12, 2021 | 14:54:PM