پیپلز پارٹی کے تحفظات، پنجاب کابینہ میں توسیع کا دوسرا مرحلہ پھر  لٹک گیا

Jun 12, 2022 | 14:12:PM

 (24 نیوز) پنجاب کابینہ میں توسیع کا دوسرا مرحلہ پھر التوا کا شکار  ہو گیا،صوبائی وزیر خزانہ کی حلف برداری کھٹائی میں پڑ گئی۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے تحفظات و دیگر مسائل تاخیر کی وجہ بن گئے۔

ن لیگ کےذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کے تحفظات سمیت دیگر مسائل پر کابینہ کے حلف اٹھانے کا معاملہ ملتوی ہو گیا، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی حمزہ شہبازشریف کی اہم ملاقات ہوئی، وزیر خزانہ پنجاب کے حلف کا معاملہ بھی ایک بار پھر موخر کر دیا گیا،پیپلزپارٹی وزارت خزانہ نہ ملنے پر اپنے وزرا کو اہم محکموں کے قلمدان فوری دینے کی خواہشمند ہے، حکومت کا قلمدان سے متعلق معاملہ طے نہ ہوا جس پر کابینہ کا دوسرا مرحلہ بجٹ سیشن کے بعد ہونے کا امکان ہے۔

وزیراعلیٰ آفس ذرائع کےمطابق محکمہ خزانہ پنجاب نے بجٹ تقریر کے پوائنٹس اویس لغاری کو بھجوا دیئے ہیں۔ پنجاب کا بجٹ اویس لغاری پیش کرسکتے ہیں۔

   پنجاب حکومت  کے فیصلے کے مطابق رانا مشہود ، مجتبیٰ شجاع الرحمان ، خواجہ عمران نذیر ، ایوب گادھی ، یاور زمان ، ملک تنویر اسلم ، بلال یاسین ، سیف الملوک کھوکھر ، ذکیہ شاہ نواز ، منشااللہ بٹ ، جہانگیر خانزادہ ، کرنل (ر)طارق ، عظمیٰ بخاری ، کاظم علی پیرزادہ ، ملک ندیم کامران ، خلیل طاہر سندھو ، چودھری اقبال گجر کا کابینہ میں شامل ہونے کا امکان ہے  اس کے علاوہ  پیپلز پارٹی کو کابینہ میں مزید 3 وزرا ء اور 2 مشیر ملنے کا امکان ہے۔

پنجاب کابینہ میں توسیع کے دوسرے مرحلہ کیلئے مشاورت ہونے کے باوجود  پنجاب کابینہ میں توسیع کا دوسرا مرحلہ لٹک گیا۔

مزیدخبریں