(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی پر متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیشگی حفاظتی انتظامات، امدادی ساز و سامان کی دستیابی کیلئے بروقت اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے، متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں کے اشتراک سے جامع حکمت تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے، گزشتہ روز لاہور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ فیصل آباد کے گردونواح سمیت شہروں سے بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، اسلام آباد میں بعد از دوپہر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔
سندھ میں دادو، لاڑکانہ، سکھر اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش کی توقع ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب سوات کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش شروع ہو گئی، تیز آندھی ، ہواؤں اور بارش نے عوام کے چہروں پر خوشی بکھیر دی۔