(ویب ڈیسک) تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 53رنز سے شکست دیکر سیریز 3-0سے جیت لی ۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نےپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 269رنز بنائے اور جیت کیلئے ویسٹ انڈیز کو 270رنز کا ہدف دیاجواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اڑتیسویں اوور میں 216رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔پاکستان کی طرف سے فخر زمان35رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم ایک رنز بنا کر آوٹ ہوگئے ۔امام الحق نے شاندار نصف سنچری مکمل کی ۔62رنز بنانے کے بعد وہ بھی وکٹ گنوا بیٹھے ۔محمد رضوان 11اور محمد حارث بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے ۔تاہم بعد میں آنیوالوں میں شاداب خان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے 78 گیندوں پر 86رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔خوشدل خان 34جبکہ محمد نواز 8اور محمد وسیم نے 6 رنز بنائے ۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے نیکولس پوران نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ،کیمو پاؤل کے حصے میں 2وکٹیں آئیں ۔
ویسٹ انڈین بلے بازوں میں عقیل حسین 60رنز بنا کر نمایاں رہے ،کیسی کارٹے33رنز بنا نے میں کامیاب رہے جبکہ شائے ہوپ 21اور شمرہ بروکس 18رنز بناسکے ۔پاکستان بولرز میں سے شاداب خان نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی محمد نواز اور حسن علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا شاہ نواز دھانی اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، حارث روف کی جگہ شاہ نواز دھانی جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو آرام کروا کر حسن علی کو موقع دیا گیا ۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن نے کہا کہ کوشش ہوگی شاہین آفریدی کی عدم موجودگی میں پاکستان پر دباوبڑھائیں اور سیریز کے آخری میچ میں کامیابی سمیٹیں۔واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے کالی آندھی کو 120 رنز کے مارجن سے ہرایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو120رنز سے شکست دیدی