(احتشام کیانی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کی چودہ روز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف کی ڈیرہ غازی خان کے مقدمہ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی چودہ روز کی حفاظتی ضمانت منظور کر تے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو ڈیرہ غازی خان کی متعلقہ عدالت سے رجوع کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکمرانوں کے پاس کچھ اختیار ہی نہیں، ان کے ساتھ کیا بیٹھوں: عمران خان
چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسارکیا کہ مقدمہ کہاں کا ہے؟ جس پر وکیل چیئرمین تحریک انصاف نے جواب دیا کہ ڈیرہ غازی خان میں مقدمہ درج ہے، گزارش ہے کہ تین ہفتوں کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی جائے۔ پی ٹی آئی کے وکیل کی استدعا سننے کے بعد فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ چودہ دن کافی وقت ہوتا ہے، اسکے دوران متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔
چیف جسٹس نے سابق وزیراعظم کی 14 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے 25 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دے دیا۔
قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف کی ڈیرہ غازی خان کے مقدمہ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سے اعتراض دور کر دیا تھا، عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی درخواست کو نمبر لگانے کی ہدایت کردی تھی اور عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی درخواست سے دو اعتراضات بھی دور کر دیئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا
دوسری جانب سیشن عمران خان کی جانب سے عدالت کو ایک دن کیلئے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت ہو گی۔ پی ٹی آئی کے نامزد اٹارنی نعیم پنجوتھا کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مقرر ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ہفتے کو دائر کی گئی تھی۔