ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(کومل اسلم) محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کر دی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کے بھی امکانات ہیں، خیبر پختونحوا، شمال مشرقی بلوچستان اورکشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اسلام آباد میں آندھی چلنے کا علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی سے 600 کلو میٹر دور سمندری طوفان بیپرجوئے مزید شدت اختیار کر گیا
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی ابر آلود رہے گا، دیر ، چترال ،کو ہستان ، کرم مانسہرہ ،ایبٹ آباد، پشاور، کوہاٹ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، بنوں ،وزیرستان،ڈی آئی خان اور گرد ونواح میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، مری ،گلیات، خطۂ پوٹھوہار ، نارووال، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، میانوالی،سرگودھا،جھنگ ،فیصل آباد،قصور اور لاہور میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، صوبے کے جنوبی اضلاع میں بعد ازدوپہر گردآلود ہوئیں آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔
بلوچستان کے موسم سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، بارکھان ، قلعہ سیف اللہ ،قلات، خضدار،لسبیلہ ، مکران ،آوران اور تربت میں آ ندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سمندی طوفان کی کراچی کی جانب ممکنہ پیش قدمی،کراچی ائر پورٹ پر پیشگی اقدامات
محکمہ موسمیات نے سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی ہے اور میر پور خاص،ٹھٹھہ، بدین اور مٹھی میں مطلع جزوی ابر آلوداور آندھی چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب شہر لاہور کاموسم گرم اورخشک رہے گا، موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت42ڈگری تک جاسکتا ہے، آلودگی کے اعتبار سے لاہور آٹھویں نمبر پر آ گیا ہے، فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 157 ریکارڈ کی گئی، شاہدرہ 158،یو ایس قونصلیٹ میں آلودگی کی شرح153ریکارڈ کی گئی جبکہ مال روڈ 152 اور جوہرٹاؤن میں آلودگی کی شرح 157 ریکارڈ کی گئی ہے۔