معروف یوٹیوبر عمران ریاض لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار

Jun 12, 2024 | 12:47:PM
معروف یوٹیوبر عمران ریاض لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار
کیپشن: File Photo
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)معروف یوٹیوبر اور اینکر پرسن  عمران ریاض خان کو سعودی عرب جاتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ  کے مطابق وکیل عمران ریاض ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض کو احرام میں ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا،نامعلوم افراد جن کے ساتھ پولیس بھی تھی انہوں نے گرفتار کر لیا ہے، ایئر پورٹ پر ہاتھا پائی بھی ہوئی، عمران ریاض تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔

دوسری جانب عمران ریاض خان کے ایکس اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ عمران ریاض خان کو ایئرپورٹ عدالتی احکامات کے باوجود احرام میں وردی اور بغیر وردی افراد نے گرفتار کیا، عمران ریاض خان کو دھکے اور بدتمیزی سے گرفتار کیا، وہ اونچی آواز میں لبیک اللہ پڑھتے رہے ان کو ایک کالے ویگو میں بٹھایا گیا، ان کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے کہ جس میں عمران ریاض نے کہا کہ ’مجھے حج کے لیے جانا ہے، اس ملک کو نہیں چھوڑنا، سب لوگ جانتے ہیں کہ میں اس ملک کو کبھی نہیں چھوڑ کر جاؤں گا، میں اس ملک میں رہنا چاہتا ہوں لیکن میں زندہ اور آزاد بھی رہنا چاہتا ہوں۔‘

ایک ویڈیو میں عمران ریاض کا کہنا تھا کہ بار بار پکڑ کر مجھے اندر ڈال دیتے ہیں، کبھی غائب کردیتے ہیں، کبھی مقدمات درج کر دیتے ہیں، میں نے گزشتہ ڈیڑھ، 2 مہینے بڑی تکلیف میں گزارے ہیں، 2022 میں حج پر جانا چاہتا تھا، مجھے گرفتار کرلیا گیا، پھر 2023 میں نے احرام پہننا تھا، میں نے اس سال حج کی نیت کی، اس سال میں نے حج پر جانا تھا۔

ضرورپڑھیں:حکومت کی مشکلات میں اضافہ ، پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی کو اہم ٹاسک دیدیا

عمران ریاض نے کہا کہ گزشتہ 2 مہینے میں مختلف دفاتر کے چکر لگائے، تمام نظام کے دروازے کھٹکھٹائے اور سب کو بتایا کہ حج پر جانا چاہتا ہوں، میری اور کوئی نیت نہیں ہے، اس کے بعد ہائی کورٹ ہوا، یہ حج کی آخری فلائٹ ہے، مجھے اطلاع ملی ہے کہ ایئر پورٹ پر بڑی تعداد میں پولیس اور رینجرز کھڑی ہے، اور وہ مجھے گرفتار کرسکتے ہیں، مجھے سب کہہ رہے ہیں کہ وہاں نہ جاؤ۔

عمران ریاض نے کہا کہ میں ایئرپورٹ جا رہا ہوں اور حج کی نیت سے جا رہا ہوں، حج کرکے واپس آؤں گا کیونکہ اگلے مہینے کی 8 تاریخ کو عدالت میں پیش ہونا ہے، مزید کہا کہ میں نے 5 دفعہ ٹکٹ لیے ہیں، حج کا ٹکٹ تو ریفنڈ بھی نہیں ہوتا، میں نے اپنی فیملی کو بھی باہر سے بلایا ہے وہ بھی ایئرپورٹ پر کھڑے میرا انتظار کررہے ہیں، یہ ویڈیو آپ اس وقت دیکھیں گے جب میں جانے نہیں دیا جائے گا، یا مجھے پکڑ لے لیں گے، مجھے پتا ہے کہ مجھے کون روک رہا ہے۔