حکومت نے معیشت تباہ کردی ، گروتھ ریٹ اوربھی نیچے جائے گا: اپوزیشن لیڈر عمر ایوب

Jun 12, 2024 | 17:52:PM

 (24نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ حکومت نے معیشت تباہ کردی ہے، آئندہ مالی سال بھی گروتھ ریٹ نیچے جائے گی۔ 

اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو   کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر  رہنمااور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں کم ترین سرمایہ کاری ہوئی ہے، حکومت نے کئی اعدادوشمار مصنوعی طور پر بڑھائے، گندم کی فصل تباہ ہوگئی لوگ بیچ نہیں پا رہے، زراعت سے متعلق حکومت دعوے غلط ہیں، بمپر کراپ حکومت اور کسانوں کو فائدہ نہیں دے رہی،  اب چاول کا بھی بحران آئےگا۔ 

اپوزیشن لیڈر کا کہناتھا کہ ایران سے پٹرول سمگلنگ کی وجہ چاول سمگل ہوگا، افراط زر میں کمی نہیں آئی مزید بڑھی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی مگر عوام کوفائدہ نہیں مل رہا، حکومت نے ڈالر کو مصنوعی طور پر 275 پر رکھا ہوا ہے، اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوںگی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے امپورٹس کو محدود رکھا ہے جس سے بجلی کا بحران ہے،لوڈشیڈنگ بجلی چوری کی وجہ سے نہیں بجلی پیدا نہ کرنے کی وجہ سے ہورہی ہے، حکومت وقت کی فرعون ہے آسمان سے باتیں کررہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پنجاب میں ہتک عزت قانون کی شدید مذمت کرتے ہیں، پنجاب ہتک عزت قانون آزادی صحافت کےلئے زہر قاتل ہے، سوشل میڈیا پر فائروالز لگا کر آزادی صحافت کو روک رہے ہیں۔ 

صحافی نے ان سےسوال کیا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ مہنگائی میں کمی ہوئی ہے؟جس پر عمر ایوب نے کہا کہ مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے،عوام سے پوچھیں مہنگائی کم ہوئی یا زیادہ۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ 25-2024: بجلی کی پیداوار میں 1 ہزار 962 میگاواٹ اضافے کا ہدف مقرر

مزیدخبریں