بجٹ 2024/25 کہوں کس سے میں کہ کیا ہے، یہ بجٹ بُری بلا ہے

عامر رضا خان 

Jun 12, 2024 | 22:26:PM
بجٹ 2024/25 کہوں کس سے میں کہ کیا ہے، یہ بجٹ بُری بلا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

یہ بجٹ نہیں الفاظ کا گورکھ دھندہ ہے ، حکومت ملک کو معاشی دلدل میں دھکیل رہی ہے ، قوم مزید قرضوں کے بوجھ تلے دب رہی ہے ، عام آدمی کے لیے اس بجٹ میں کچھ نہیں ہم بجٹ کے متوازی اپوزیشن کا بجٹ پیش کریں گے ، وزیر خزانہ نے اپوزیشن کے انتہائی شور شرابے میں بجٹ پیش کیا اراکین نے بجٹ کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اس کے پرزے اڑا دئیے ، یہ منتخب حکومت ہی نہیں ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر حکومت بنائی گئی ہے وغیرہ وغیرہ اور وغیرہ ۔
اگر آپ کو لگ رہا ہے کہ میں نے یہ بجٹ سال 2024/25 کے بجٹ کا احوال آپ کو بتایا ہے تو آپ غلط ہیں یہ تو گزشتہ دس سال کے ہر بجٹ کا احوال ہے جو نیٹ سے دیکھا جاسکتا ہے ،اسحاق ڈار ہو ،حفیظ شیخ ، شوکت ترین ، مفتاح اسماعیل یا اب محمد اورنگزیب ہمارا بجٹ تبدیل ہوا یا نہیں بجٹ کے اہداف اور محصولات زر کی شرح تبدیل ہوئی یا نہیں قرض کی مالیت کتنی بڑھی کتنی گھٹی سب کچھ بدلا اگر نہیں بدلا تو ہماری اپوزیشن کے منتخب اراکین اسمبلی کا رویہ ہے جو نہیں بدلا ، یہ مسلم لیگ ن سے ہوں ،پیپلز پارٹی یا تحریک انصاف ، اپوزیشن بنچز پر ایسے ہی رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں معلوم نہیں کہ کیا ان بینچز پر کیل لگے ہیں یا کانٹے اُگے ہیں کوئی ان پر ٹک کر بیٹھ نہیں سکتا ،مہذب ملکوں میں تو اپوزیشن ایسی ایسی عوام دوست تجاویز حکومت اور عوام کے سامنے رکھتی ہیں کہ حکومت سے نا کھائے بنے نا چبائے بنے اور یوں اپوزیشن عوام میں اپنے ہمدردوں کی تعداد میں اضافہ کرتی ہے لیکن یہاں اپوزیشن کا رویہ ہمیشہ ہی منفی نظر آتا ہے جو کل بھی تھا اور آج بھی ہے ۔
قومی اسمبلی میں پیش ہونے والے بجٹ میں ایک بار پھ ایسا ہی رویہ دیکھنے کو ملا  وہی شور شرابا وہی چیخ و پکار اور وہی نو نو کی تکرار ،عوام کو تو بجٹ سننا تھا جو اُن کے سر اوپر سے گذر گیا سبھی اسی سوچ میں ہیں کہ یہ عوام دوست بہترین بجٹ ہے یا غریب مکاو بد ترین بجٹ ، ذیادہ دور کی نہیں صرف بیس پچیس سال پہلے تک سالانہ بجٹ کا لوگ انتظار کیا کرتے تھے اخبارات خصوصی ضمیمے چھاپا کرتے تھے اپوزیشن نے بجٹ کے متوازی بجٹ تیار کیا ہوتا تھا ، بجلی ، گیس ، پیٹرول ، مٹی کا تیل ، ڈیزل ، گھی ، سیمنٹ ، آٹا ، چینی ، سیگریٹ ایک ہی بار مہنگے ہوتے تھے( کہ اس وقت تک اوگرا اور نیپرا جیسی بلاووں نے جنم نہیں لیا تھا جو ہر 15 دن کے بعد اور کبھی کبھی تو دو دو بار بھی انسانی خون چوستی ہیں ) یا یوں کہیں ان کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا تھا ، بجٹ کے بعد ایک ہی بار رو دھو لیا جاتا تھا اور پھر ایک سال تک مسلسل حکومتیں ان قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دیا کرتی تھیں اور یوں بجٹ عوام کے لیے کبھی خوشی کبھی غم کی صورت ایک بار ہی وارد ہوتا تھا لیکن پھر کیا ہوا کہ ورلڈ اکانومی اُن کے ہاتھ آئی جو من و سلویٰ کے انکاری تھے اور ہیں ۔
اب کے بجٹ تو پھیکا روکھا اعداد وشمار کا ایک ریاضی کدہ ہوتا ہے جس میں ایسے ایسے فگرز لکھیں ہیں جن کا عام آدمی کی زندگی سے کوئی لینا دینا نہیں جس خوش کُن انداز میں بجٹ تقریر پڑھی اور سُنی گئی ہے اُسی سے اندازہ ہوتا ہے کہ آنے والے سال میں بھی خوشی کی کوئی خبر ایسی نا ہوگی کہ انسان حقیقی خوشی کا اظہار کرسکے ،عام اور متوسط طبقہ ہر روز ایک بجٹ کے عذاب سے گزرتا ہے ،کبھی دال کی قیمت بڑھتی ہے تو کبھی چاول ستم ڈھاتے ہیں اور کبھی پیٹرول بجلی انسانی گوشت کوجلاتے ہیں یہ پہلا بجٹ ہے منی بجٹ آنا باقی ہیں  آپ کو بجٹ کے مندرجات بتانے سے پہلے چچا غالب کا شعر سنانا چاہتا ہوں کہ کہیں آپ بھی میری طرح کسی خوش فہمی میں مبتلا نا ہوجائیں بجٹ میں سب کچھ مہنگا ہوگا بس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں گریڈ ایک سے سولہ تک 25 فیصد اور اس سے اوپر گریڈ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد پینشن میں 15 فیصد اضافہ لیکن نجی ملازمین اور عام عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے اور جو ملکی ترقی کے وعدے کیے جارہے ہیں اس کے بارے میں چچا غالب کہہ گئے  ؎
تِرے وعدے پر جِئے ہم، تو یہ جان، جُھوٹ جانا
کہ خوشی سے مرنہ جاتے، اگراعتبار ہوتا
اور جو بجٹ پیش کیا گیا ہے یہ الفاظ کا ایسا گورکھ دھندہ ہے جس کے بارے میں مرزا غالب سے معزرت کے ساتھ ایک شعر میں تحریف کے  ؎

کہوں کس سے میں کہ کیا ہے، یہ بجٹ بُری بلا ہے
مجھے کیا بُرا تھا مرنا، اگر ایک بار ہوتا

اب آئیں بجٹ کی جانب تو جناب وفاقی وزیر سینیٹر محمد اورنگزیب نے اٹھارہ ہزارارب سےزائدحجم کابجٹ پیش کردیاہے بجٹ میں ایف بی آر کو تاریخ کاسب بڑاٹیکس ہدف 12 ہزار 900 ارب تجویزکیا گیا ہے ٹیکس آمدن کا تخمینہ 13 ہزار 320 ارب روپے لگایا گیا ہے ، قرض اور سود کی مد میں ادائیگیوں کیلئے 9 ہزار 700ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ،دفاع کے لئے 1252 ارب روپے کا بجٹ مختص کرنے کی تجویزہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 یا 20 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے،بجٹ خسارہ ساڑھے 9 ہزار ارب روپے سے زائد ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔
آئندہ مالی سال کاوفاقی ترقیاتی بجٹ1400 ارب روپے مختص کرنے کی تجویزپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت الگ سے100 ارب روپے رکھنے کی تجویزآئندہ مالی سال کا مجموعی وفاقی ترقیاتی پروگرام1500 ارب روپے کاہوگا ،آئندہ مالی سال انفراسٹکچر کے لیے 824 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھنے کی تجویز،نئے مالی سال توانائی کے لیے253 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھنے کی تجویز،ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے لیے279 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ہوگا،آئندہ مالی سال پانی کے منصوبوں کے لیے206 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز،سماجی شعبہ280 ارب اورصحت کے لیے45 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز،نئے مالی سال تعلیم اور ایچ ای سی کے لیے93 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز،سائنس اور آئی ٹی کے لیے79 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز،پارلیمنٹرینر کی اسکیموں کے لیے 75 ارب روپے کاترقیاتی بجٹ مختص کرنے کی تجویز،آزادکشمیر اورگلگت بلتستان کےلیے 75 ارب روپےکا ترقیاتی بجٹ تجویز،کے پی میں انضمام شدہ اضلاع کے لیے64 ارب روپےکا ترقیاتی بجٹ تجویز،خوراک اورزراعت کے لیے 42 ارب روپےکا ترقیاتی بجٹ رکھنے کی تجویز، گورننس کے لیے28 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کی تجویز،آئندہ مالی سال پیداواری شعبےکے لیے50 ارب روپے کاترقیاتی بجٹ رکھنےکی تجویز، نئے مالی سال انڈسٹریز کے لیے 8 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے ۔رہی عوام تو اس کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ ؎
یہ نہ تھی ہماری قسمت کہ بجٹ غمگسار ہوتا 
اگر اور جیتے رہتے ، یہی انتظار ہوتا

دیگر کیٹیگریز: بلاگ
ٹیگز: