خاندان سے بچھڑی گیتاکو سالہا سال بعدمعمر ماں نے پہچان لیا 

Mar 12, 2021 | 09:37:AM
 خاندان سے بچھڑی گیتاکو سالہا سال بعدمعمر ماں نے پہچان لیا 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) انڈیا میں اپنے خاندان سے بچھڑ  کر پاکستان آ جانے والی لڑکی گیتا کو بالاخر ایک خاتون نے پہچان لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس خاتون نے گیتا کے بارے میں جو نشانیاں بتائی ہیں، وہ بالکل درست ثابت ہوئی ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق گیتا ان دنوں ایک سماجی تنظیم ‘’پہل’’ میں رہائش پذیر ہے جہاں گونگے بہرے بچوں کو تعلیم وتربیت دی جاتی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جس خاتون نے گیتا کو پہچانا ہے اس کا نام مینا واگھمارے ہے۔ یہ خاتون انتہائی معمر ہے اور اس کی عمر لگ بھگ 70 برس ہے۔ اس معمر خاتون نے تنظیم سے رابطہ کرکے انھیں بتایا تھا کہ سالوں پہلے ان کی بیٹی لاپتا ہو گئی تھی، جس کی اسے تلاش ہے۔

رپورٹ کے مطابق معمر خاتون نے تنظیم کو نشانیاں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی کے پیٹ پر جلنے کا ایک نشان ہے، جب اسے چیک کیا گیا تو گیتا کے جسم پر ایسا نشان موجود پایا گیا ہے۔مینا واگھمارے نے بتایا کہ گھر والوں نے (گیتا) کا نام رادھا رکھا تھا۔ اس نے جیسے ہی گیتا کو دیکھا اس کی آنکھوں سے آنسو رواں ہو گئے اور اس نے اشاروں میں باتیں کیں۔

خاتون نے کہا ہے کہ گیتا کے والد سدھاکر واگھ مارے کا کچھ برس پہلے ہی انتقال ہو گیاتھا اور اب وہ اپنے دوسرے شوہر کے ساتھ اورنگ آباد کے پاس رہتی ہیں۔گیتا گونگی بہری ہے جو صرف اشاروں میں ہی اپنی بات چیت کر سکتی ہے۔ یہ لڑکی بچپن میں اپنا راستہ کھوئی اور ٹرین کے ذریعے پاکستان پہنچ گئی تھی۔

خیال رہے اسے پاکستان میں عبدالستار ایدھی نے اپنی بیٹیوں کی طرح پالا اور اس کا نام گیتا رکھا۔ 2015ء میں سابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور پاکستانی حکام کی کوششوں سے گیتا کو بھارت واپس بھیج دیا گیا تھا، تاہم اسے اب تک اپنے والدین کی تلاش ہے۔بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر لگ رہا ہے کہ گیتا کو اس کا خاندان مل گیا ہے، مینا واگھمارے نامی خاتون اس کی اصل ماں ہی ہے، تاہم اس خاتون کا دعویٰ جو بھی ہو، اس کی تصدیق کیلئے اس کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا تاکہ شک دور ہو جائے۔