(24 نیوز) وزارت خزانہ نے مالی سال21 .2020 کے پہلے6 مہینے کے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں، جس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں مالی خسارہ جی ڈی پی کا 2.5 فیصد رہا جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 2.3 فیصد تھا۔سٹیٹ بینک کے منافع میں12.7 فیصد کمی رہی۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہےکہ قرض پر سود کی ادائیگی کی مد میں1475 ارب روپے ادا کئے گئے اور گزشتہ سال اسی عرصے میں سود کی ادائیگی پر 1281 ارب روپے ادا کئے گئے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے6 ماہ میں487 ارب روپے خرچ ہوئے اور گزشتہ سال اسی عرصے میں دفاع پر 529 ارب روپے خرچ ہوئے تھے۔وزارت خزانہ کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہےکہ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سٹیٹ بینک کا منافع 12.7 فیصد کمی سے 372 ارب روپے رہا۔ مالی خسارہ پورا کرنے کیلئے 454 ارب روپے کا قرض لیا گیا جبکہ مالی سال2019 میں مالی خسارہ پورا کرنے کے لیے 513 ارب روپے قرض لیا گیا تھا، رواں مالی سال کے پہلے6 ماہ میں مقامی سطح پر683 ارب روپے قرض لیا گیا اور مالی سال2019 میں مقامی قرض 481 ارب روپے تھا۔