(24نیوز) کوئٹہ کے نواحی علاقہ مارواڑ میں کوئلہ کان کے اندر پھنسے 6 کان کن جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 کو زندہ بچالیا گیا ، جاں بحق کان کنوں کا تعلق بلوچستان کے ضلع کوئٹہ، مسلم باغ اور قلعہ عبداللہ سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ میں جمعرات کی صبح کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے 8 مزدور پھنس گئے جس پر پی ڈی ایم اےاور دیگر متعلقہ ٹیموں نے ریسکیو کا کام شروع کیا۔کئی گھنٹوں کے ریسکیو آپریشن میں دو مزدوروں کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
خیال ر ہے کہ 6 مزدور کان میں میتھین گیس بھرجانے سے جاں بحق ہوئے۔حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے جبکہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکا گیس کے اخراج سے ہوا تھا۔پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق 6 مزدوروں کی لاشیں نکال کر آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا ۔