مغرب کے بعد مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ،مزارات اور سنیما بھی بند

Mar 12, 2021 | 19:28:PM

(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزپر قابو پانے کےلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔
 اجلاس میں لاہور سمیت دیگر شہروں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور کوروناٹیسٹوں کی 5فیصد سے زائدپازیٹو شرح والے شہروں میں عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ لاہور سمیت  مخصوص شہروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں ،جشن بہاراں اور دیگر عوامی اجتماعات پر 2ہفتے کی پابندی ہوگی۔شادی ہالز اورمارکیز میں شادیاں کرنے پربھی 2ہفتے کی پابندی ہوگی۔اجلاس میں مارکیٹس اور بازار مغرب تک بند کرنے کا فیصلہ کیاگیاتاہم دودھ ،دہی کی دکانیں،میڈیکل سٹورز اورتندوروکو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
فیصلے کے مطابق ریسٹورنٹس سے صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔اجلاس میں مزارات اورسینما ہال بھی دوہفتے کےلئے بند کرنے اورپارکس شام 6بجے بند کرنے کا فیصلہ کیاگیاجبکہ دفاتر میں 50فےصد سٹاف کے ساتھ کام کی اجازت ہوگی اور50فیصد سٹاف ورک ایٹ ہوم کرے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ خصوصاً میٹرو بس سروس اوراورنج لائن میٹروٹرین کےلئے مسافروں کی تعداد ایس او پیز کے مطابق محدود کی جائے گی۔
کوروناٹیسٹوں کی 5فےصد سے زائدپازیٹو شرح والے شہروں میں ان فیصلوں کا اطلاق اتوار سے ہوگا اوریہ پابندیاں اگلے دو ہفتے تک نافذ العمل رہیں گی۔محکمہ پرائمری وسکبنڈری ہبلتھ باقاعدہ نوٹفکیشن جاری کرے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں پازیٹو کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے -کورونا پر قابوپانے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے-عوام کی صحت سب سے زیادہ مقدم ہے۔
واضح رہے پنجاب میں 24گھنٹے میں کورونا سے 36اموات ہوئیں اور30روز قبل اتنے مریض کورونا سے جاں بحق ہوئے تھے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے اوربچے بھی بڑی تعداد میں کورونا سے متاثرہورہے ہیں ۔ لاہور میں کوروناٹیسٹوں کی مثبت آنے کی شرح8فےصد تک پہنچ چکی ہے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک لاکھ سے زائد ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے اوربزرگ شہرےوں کوبھی کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے ۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ، طبی ماہرین اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ اعلیٰ عسکری حکام اور ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزیدخبریں