چیئر مین سینٹ کا انتخاب۔۔رزلٹ پسند نہیں تو چیلنج کر لیں۔۔پریزائیڈنگ افسر کا مشورہ

Mar 12, 2021 | 20:36:PM

  (24نیوز )چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے دوران پیدا ہونے والے تنازع سے ایوان میں تلخی کا ماحول رہا۔پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے مسترد ہونیوالے7ووٹوں کے حوالے سے یوسف رضا گیلانی کے پولنگ ایجنٹ فاروق ایچ نائیک نے مسترد ہونے والے 7 ووٹوں کو چیلنج کیا۔
فاروق نائیک نے پریزائیڈنگ افسر کو مخاطب کرکے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ کمیٹی بنائیں لیکن آپ نے میری بات نہیں سنی، رولز میں یہ کہیں نہیں لکھا کہ مہر کس جگہ لگائیں۔انہوں نے کہا کہ جن ووٹوں کی بات کر رہے ہیں ان میں مہر خانے کے اندر لگی ہوئی ہے باہر نہیں۔
صادق سنجرانی کے پولنگ ایجنٹ محسن عزیز نے کہا کہ رولز میں یہ کہاں لکھا کہ امیدوار کے نام کے اوپر مہر لگائی جائے، لکھا ہوا ہے نام کے سامنے خانے میں مہر لگائیں۔پریزائیڈنگ افسر نے دونوں طرف کا موقف سننے کے بعد ووٹ مسترد کردئیے اور اپوزیشن سے کہا کہ اگر آپ کو میرے فیصلے پر اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن میں اسے چیلنج کردیں۔بعد ازاں نومنتخب چیئرمین سینٹ سے پریزائیڈنگ افسر نے حلف لیا۔

مزیدخبریں