ساتھیوں کا شکریہ۔۔سب کو ساتھ لے کرچلوں گا۔۔نومنتخب چیئر مین سینٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز ) صادق سنجرانی نے دوبارہ چیئرمین سینٹ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد نشست سنبھالتے ہوئے ووٹ دینے والے سینیٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام ایوان کا اور پی ٹی آئی کی قیادت اور خاص طور پر پرویز خٹک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ وہ عمران خان اور اپنی پارٹی کے سربراہ جام کمال خان کے بھی شکر گزار ہیں۔صادق سنجرانی نے کہا کہ انہوں نے جس طرح 3 سال سے ایوان کو چلایا ہے وہ اس سلسلے کو جاری رکھیں گے اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
واضح رہے کہ سینٹ میں اقلیت کے باوجود حکومتی امید وار سابق چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی6 ووٹوں سے جیت گئے۔سنجرانی نے 48ووٹ حاصل کئے۔
حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی سینٹ میں اپوزیشن کی اکثریت کے باوجود ہار گئے۔یوسف رضا گیلانی نے 42ووٹ حاصل کر سکے۔یوسف رضا گیلانی کے7ووٹ مسترد ہوئے،ان 7ووٹوں پر ارکان نے خانے کی بجائے یوسف رضا گیلانی کے نام پر مہر لگائی تھی۔
100ارکان کے ایوان میں 98ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا۔ن لیگ کے اسحاق ڈار بیرون ملک ہونے کے باعث ووٹ کاسٹ نہ کر سکے جبکہ جماعت اسلامی کے مشتاق احمد خان نے بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے چیئر مین سینٹ کے انتخاب میں ووٹ نہ ڈالنے کا اعلان کر رکھا تھا۔یاد رہے کہ3مارچ کو ہونے والے سینٹ الیکشن کے نتائج کے مطابق حکومتی اتحاد کو 47اور اپوزیشن اتحاد کو 51ارکان کی حمایت حاصل تھی۔