سفارتخانہ پر چھاپہ، پاکستان نے انٹرنیشل قوانین کی خلاف ورزی کی، شمالی کوریا کا الزام

Mar 12, 2022 | 18:34:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی کوریا نے اسلام آباد میں اپنے سفارتخانے پر پولیس کے چھاپے کے بعد پاکستان پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر دیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں واقع شمالی کوریا کے سفارتخانے کی طرف سے آئی جی اسلام آباد پولیس محمد احسن یونس کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 7مارچ کے روز شالیمار پولیس سٹیشن کے 7آفیسرز بغیر اجازت سفارتخانے میں داخل ہوئے، انہیں بارہا یاددہانی کرائی گئی کہ ویانا کنونشن کے تحت سفارتخانہ متعلقہ ملک کی خود مختار جگہ ہوتی ہے لیکن پولیس کی طرف سے اس بات کو نظرانداز کیا گیا اور زبردستی سفارتخانے میں داخل ہو گئی، پولیس کی طرف سے سفارتخانے کے عملے کو سنگین نتائج کی وارننگ دی گئی جس کے نتیجے میں عملے نے انہیں سفارتخانے کی تلاشی کی اجازت دے دی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے نہ صرف سفارتخانے کی تلاشی لی بلکہ عمارت کو نقصان بھی پہنچایا، خط میں آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں بشمول فارن آفیئرز ڈویژن سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور اس کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ 

واضح رہے کہ پولیس کی طرف سے گزشتہ ہفتے سفارتخانے میں چھاپہ مارا گیا تھاجہں سے بڑی مقدار میں شراب برآمد ہوئی تھی،  آئی جی اسلام آباد نے واقعے کی تحقیقات کے لئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی۔

 یہ بھی پڑھیں: روسی فوج کی کیف کی طرف پیش قدمی،حملوں میں تیزی آگئی

مزیدخبریں