(ویب ڈیسک) فرانس بھر میں پنشن اصلاحات کے خلاف ہونیوالے احتجاج کے باوجود فرانسیسی سینیٹ نے متنازع پنشن اصلاحات کی منظوری دے دی۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق پینشن اصلاحات بل کے مطابق ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں 2 سال کا اضافہ ہوگا، اب ملازمین 62 سال کے بجائے 64 سال کی عمر میں ریٹائرڈ ہوں گے۔
خیال رہے کہ فرانس بھر میں پنشن اصلاحات کے خلاف حال ہی میں لاکھوں افراد نے احتجاج کیا تھا، دارالحکومت پیرس میں منعقدہ ایک ریلی کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان چند جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے بعد پولیس کی جانب سے متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ملک گیر ہڑتال کے باعث ٹرین سروسز بھی معطل رہیں اور سکولزبھی بند رہے جبکہ ایندھن کی فراہمی روک دی گئی۔
مظاہرین کی جانب سے حکومت سے پنشن کی عمر 62 سے بڑھا کر 64 برس نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جبکہ نچلے طبقے کی جگہ امیروں پر ٹیکس لگا کر بجٹ اصلاحات کرنے پر زور دیا گیا۔