سعودی قومی پرچم بنانیوالے خطاط انتقال کرگئے

Mar 12, 2023 | 11:09:AM

(ویب ڈیسک) سعودی عرب کا پرچم ڈیزائن کرنے والے معروف خطاط صالح المنصوف 86 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، اتفاق سے ان کی وفات بھی سعودی عرب کے قومی پرچم کے دن ہی ہوئی۔

صالح المنصوف کو 50 سال قبل سعودی عرب کے پرچم پر کلمہ طیّبہ لکھنے اور تلوارکے انداز کو اپڈیٹ کرنے کا اعزاز حاصل تھا۔ وہ پہلے سعودی خطاط تھے جنہوں نے 1960 کی دہائی کے اوائل میں سعودی عرب کے پرچم پرسفید رنگ کا استعمال کرتے ہوئے تلوار کھینچی تھی۔

مرحوم خطاط صالح المنصوف نے ہی سبز رنگ کے پرچم پر اس تلوار کے اوپر سفید رنگ میں کلمہ طیّبہ رقم کیا تھا ان دنوں جدید ٹیکنالوجی اور پرنٹنگ کے آلات عام طور پر دستیاب نہیں تھے۔

اس کے علاوہ وہ ان پہلے خطاطوں میں بھی شامل تھے جن کی کتابت جامعہ امام محمد بن سعود کے لاتعداد گریجویٹس کی اسناد اور سرٹیفکیٹس کی زینت بنی تھی اور وہ ایک عرصہ تک یہ تعلیمی اسناد تحریر کرتے رہے تھے۔

مرحوم المنصوف کو بلدیہ الریاض نے سرکاری تقریبات اور پروگراموں میں استعمال کیلئے خطاطی پینل کی تیاری پر بھی مامور کر رکھا تھا۔

واضح رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں سعودی عرب نے 11 مارچ 1937 کی یاد میں سالانہ قومی پرچم کا دن منانے کا اعلان کیا تھا۔

جدید سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود نے 11 مارچ 1937 کو مملکت کی نمائندگی کے طور پر موجودہ پرچم کی منظوری دی تھی۔

اس دن کو منانے کا فیصلہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے جاری کردہ شاہی حکم نامے کے تحت کیا گیا تھا۔

آج ہفتہ کو ریاض کے البابطین جامع مسجد میں نماز جنازہ ہوگی جبکہ شمالی مقبرہ میں تدفین ہوگی۔

مزیدخبریں