سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں:محسن نقوی

Mar 12, 2023 | 13:03:PM

(24 نیوز)نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں ،تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کی اجازت ہے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں ،تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کی اجازت ہے ،سیاسی سرگرمیوں کو صرف آج کیلئے محدود کیا گیا ،آج شہر میں پی ایس ایل میچ ،ٹیموں کی موومنٹ ہوگی ،شہر میں آج میراتھن ریس کا ایونٹ بھی ہے،شہر کے تمام ایونٹس پہلے سے طے شدہ ہیں۔

دوسری جانب نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرنے کااعلان کر دیا، لاہور میں کسی کو بھی ریلی نکالنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پنجاب حکومت نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے رینجرز بھی طلب کرلی ہے۔

نگران وزیراطلاعات عامر میر کاکہناتھا کہ بارہ مارچ کو لاہور میں پی ایس ایل کا میچ ہے،آج لاہور میں میراتھن ریس اور سائیکل ریس کے بھی ایونٹس ہے،ان تمام ایونٹس کا فیصلہ ایک ماہ سے پہلے ہی کیا جا چکا ہے،لیکن عمران خان نے آج اچانک سے ان ایونٹس کے باوجود سیاسی ریلی کا اعلان کر دیا تھا۔

 عامر میر کاکہناتھا کہ پچھلے دنوں بھی شہر میں میچ اور عورت مارچ ریلی تھی تو انہوں نے ریلی کا اعلان کر دیا تھا،پی ٹی آئی کو بتایا وہ نہیں مانے تو پھر ہمیں دفعہ ایک سو چوالیس کا انعقاد کرنا پڑا،کل بھی پی ایس ایل کا ایونٹ ہے اور ٹیموں کو لانا لیجانا ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے،ہم نے پی ٹی آئی کی قیادت سے مذاکرات کئے ہیں اور انہیں سیاسی پروگرام آگے منتقل کرنے کا کہا،پی ٹی آئی کی قیادت اپنے فیصلے پر قائم تھی۔

 ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے رینجرز کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آج صبح دفعہ 144 کے باعث زمان پارک سمیت دیگر اہم مقامات پر رینجرز تعینات کر دی جائے گی۔

 واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے آج دوپہر 2 بجے انتخابی ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور میں انتخابی ریلی کی قیادت میں خود کروں گا، مجھے پتا ہے انہیں الیکشن سے بھاگنے کیلئے کچھ کرنا ہے، یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، یہ کسی اور کو بھی قتل کروا سکتے ہیں۔

 ضلعی انتظامیہ کا پی ٹی آئی کو سکیورٹی دینے سے انکار

 ضلعی انتظامیہ نے ریلی کا شیڈول تبدیل کرنے کیلئے جوابی خط لکھ دیا،ضلعی انتظامیہ کا تحریک انصاف لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود کو خط لکھا گیا،خط کے متن کے مطابق  شہر میں دہشت گردی کے خطرات ہیں،رش نہ لگایا جائے، پی ایس ایل ، اور دیگر ایونٹس کے باعث سکیورٹی فراہم نہیں کر سکتے۔

مزیدخبریں