پی ٹی آئی نے آج لاہور میں ہونے والی ریلی ملتوی کردی

Mar 12, 2023 | 15:04:PM
پی ٹی آئی نے آج لاہور میں ہونے والی ریلی ملتوی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج لاہور میں ہونے والی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ان کی ابھی عمران خان کے ساتھ بات ہوئی ہے،  پی ٹی آئی نے ریلی ملتوی کردی ہے۔

حماد اظہرکا کہنا تھا کہ ریلی کل یا بعد میں بھی ہوسکتی ہے، ہم پرامن انتخابات اور پرامن انتقال اقتدار  چاہتے ہیں۔ریلی کل یا بعد میں بھی ہو سکتی ہے ،پرامن حالات میں الیکشن چاہتے ہیں،لاہورہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے،کارکنوں سے کہتا ہوں پرامن رہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے آج کی ریلی کو کل تک کے لیے ملتوی کردیا ہے، حکومت کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل کی وجہ سے دفعہ 144 نافذ کی ہے، ہم منشتر ہو رہے ہیں  رات کوپھرجمع ہوں گے۔

خیال رہےکہ آج پی ٹی آئی نے لاہور میں ریلی نکالنےکا اعلان کیا تھا جس کی قیادت عمران خان نے کرنا تھی۔عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز کو طلب کر لیا تھا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ایک ویڈیو کے ساتھ ٹوئیٹ کیا ہے کہ زمان پارک کی مکمل ناکہ بندی کے باوجود اہلِ لاہور بڑی تعداد میں گھروں سے نکل چکے ہیں۔ تاہم میں اپنے کارکنان، عوام یا اپنی پولیس کو اس آگ کا ایندھن نہیں بناسکتا جسکی آڑ میں یہ فسطائی ٹولہ انتخاب سےفرار کا خواہاں اور ہمیں مزید جھوٹے پرچوں میں پھانسنے کےخواب دیکھتا ہے!

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ دفعہ 144 غیر قانونی طور پر صرف اور صرف پی ٹی آئی کی انتخابی مہم پر لگائی گئی ہے کیونکہ لاہور میں دیگر تمام عوامی سرگرمیاں جاری ہیں۔ صرف زمان پارک کو کنٹینرز اور پولیس کی بھاری نفری نے گھیر لیا ہے۔

واضح ہے کہ 8 مارچ کی طرح، پنجاب کے وزیراعلیٰ اور پولیس پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مزید جعلی ایف آئی آر درج کرنے اور انتخابات کو ملتوی کرنے کے بہانے استعمال کرنے کے لیے تصادم کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔ الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے تو پولنگ سرگرمیوں پر دفعہ 144 کیسے لگائی جا سکتی ہے؟ میں تمام پی ٹی آئی ورکرز سے کہہ رہا ہوں کہ اس جال میں نہ آئیں۔ اس لیے ہم نے ریلی کل تک ملتوی کر دی ہے۔

یاد رہے کہ  نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں ،تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کی اجازت ہے ،سیاسی سرگرمیوں کو صرف آج کیلئے محدود کیا گیا ،آج شہر میں پی ایس ایل میچ ،ٹیموں کی موومنٹ ہوگی ،شہر میں آج میراتھن ریس کا ایونٹ بھی ہے،شہر کے تمام ایونٹس پہلے سے طے شدہ ہیں۔