(24 نیوز) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت کے حوالے سے خصوصی تقریب مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں منعقد کی گئی۔
اس موقع پر مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین، سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر سالک حسین اور چوہدری شافع کے علاوہ چوہدری محمد سرور کے ہمراہ انکی اہلیہ بیگم پروین سرور اور دیگر بھی موجود تھے۔
چوہدری محمد سرور کو مسلم لیگ ق میں خوش آمدید کہتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ چوہدری محمد سرور کی سیاست ان کا حال اور ماضی سو فیصد شفاف اور عوام سے محبت کا ثبوت ہے، انشاء اللہ ان کے پارٹی میں شامل ہونے سے پارٹی نہ صرف پنجاب اور ملک کے دیگر صوبوں میں مضبوط ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: انتخابات، پیپلز پارٹی نے بڑا فیصلہ کرلیا
چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر کہا کہ میں چوہدری شجاعت حسین، طارق بشیر چیمہ، چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع سمیت پاکستان مسلم لیگ ق کے تمام عہدیداروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے پارٹی میں بھرپور خوش آمدید کہا، میں پاکستان مسلم لیگ میں کسی عہدے، کسی وزارت یا کسی بھی قسم کے سیاسی فائدے کی خاطر شامل نہی ہو رہا اگر مجھے اقتدار کی لالچ ہوتی تو میرا سیاسی فیصلہ کچھ اور ہوتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پاکستان سمیت پوری دنیا سے اورسیز پاکستانیوں کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے ہمیشہ میرا بھرپور ساتھ دیا اور انکے حقوق کی تر جمانی اور ہر فورم پر آواز بلند کر نا میری ذمہ داری ہے۔