کینیڈین دستاویزی فلم میں بھارتی وزیراعظم سے متعلق سنگین انکشافات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)کینیڈین دستاویزی فلم میں ہردیپ سنگھ نجر اور گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی ہدایت کا الزام بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر لگادیا گیا۔
کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی ففتھ اسٹیٹ نامی تحقیقاتی دستاویزی فلم ریلیز کردی گئی جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے متعلق خطرناک انکشافات کیے گئے ہیں۔
دستاویزی فلم میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے وقت کی خصوصی ویڈیو بھی شامل کی گئی ہے اور امریکا میں گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی پلاننگ میں بھی مودی کے ملوث ہونے کے انکشاف کیا گیا ۔
خالصتان تحریک کے اہم رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو 18 جون 2023 کو کینیڈا میں برٹش کولمبیا میں گوردوارہ کے دروازے پر قتل کیا گیا تھا،اس قتل میں مودی کے ملوث ہونے کے مضبوط شواہد پر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کھل کر بھارت پر الزام لگایا تھا۔
گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا ہے کہ مودی نے اجیت ڈوول کے مشورے پر بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے سربراہ کو میرے بھی قتل کی ہدایت کی، کوئی شک نہیں کہ مودی نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا حکم دیا تھا۔
امریکا میں گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کا الزام بھارتی شہری نکھل گپتا پر لگایا گیا، فرد جرم کے مطابق نکھل نے قتل کی سازش کے لئے ایسے شخص سے مدد مانگی جو مخبر نکلا۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ
گرپتونت کے مطابق فرد جرم میں یہ الزام بھی سامنے آیا کہ جون میں کینیڈا میں 3 افراد کو قتل کرنے کا منصوبہ تھا، خالصتان کے قیام کے لئے قانونی طور پر دنیا بھر میں ریفرنڈم کا انعقاد کرارہے ہیں۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں پنجاب کے عوام کو بھی ووٹ کا حق ملے، اسی لئے بھارت نے نجر کی جان لے لی۔
دستاویزی فلم ففتھ اسٹیٹ میں کینیڈا میں مقیم دیگر سکھوں کے انٹرویوز بھی شامل ہیں۔