(24 نیوز)صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میر علی میں قبل از وقت عید الفطر کا اعلان کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی مدعیت میں عید کا اعلان کرنے والے 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں رمضان آرڈیننس اور 16 ایم پی او سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مولانا رفیع اللہ نے مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے کل عید منانے کا اعلان کیا تھا، مسجد سے آج بروز بدھ شہریوں کو روزہ نہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز آج عید الفطر منانے کا اعلان کردیا گیا تھا۔یہ اعلان رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر کیا گیا تھا۔
ضلع شمالی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا تھا کہ شمالی وزیر ستان کے علاقے حیدر خیل میں 20 افراد نے چاند دیکھنے کا دعویٰ کیا ہے لہٰذا وزیرستان میں کل عید الفطر منائی جائے گی۔
انہوں نے ان افراد کے ناموں کی فہرست بھی جاری کی تھی جنہوں نے چاند دیکھنے کا دعویٰ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ، لاہور اور اسلام آباد میں آج افطار کے اوقات