(24نیوز)اسلامی فتوحات پر مبنی مشہور تُرک سیریز ’ارتغرل غازی‘ میں سیلجان خاتون کا کردار ادا کرنے والی تُرک اداکارہ دیدم بالچن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر مختلف تصاویر شیئر کرتے ہوئے فیملی میں اس نئے اضافے کی خوشخبری مداحوں کو سنائی۔انہوں نے بیٹے کا نام ’عالیجان‘ رکھا ہے، جس کا تذکرہ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کیا۔
اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے بیٹے کے چہرے کو واضح نہیں کیا اور ایک ایموجی کے ذریعے چہرے کو چھپا دیا۔سیلجان خاتون نے کچھ دن پہلے ہی اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے والی ہیں کیونکہ کچھ دن میں ہی وہ ننھے مہمان کی والدہ بن جائیں گی۔
واضح رہے کہ تُرک اداکارہ دیدم بالچن نے تُرک سیریز میں ارطغرل کے بڑے بھائی گنگودو کی اہلیہ سیلجان کا کردار ادا کیا تھا۔دیدم بالچن سال 1982 میں تُرکی کے شہر انقرہ میں پیدا ہوئی تھیں، اُنہوں نے انقرہ یونیورسٹی سے تھیٹر کی ڈگری مکمل کی اور اُس کے بعد استنبول جاکر کئی ڈرامہ سیریز اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔تُرک اداکارہ گزشتہ سال اپنے منگیتر جان ایدین کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں جس کی تصاویر اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام پر اکاؤنٹ پر شیئر کی تھیں۔