(24 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کا جھوٹا واویلا کر کے عمران خان نے ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کی ناقص معاشی منصوبہ بندی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شرمندگی کا مقام ہے کہ کمبوڈیا، گھانا اور زمبابوے جیسے پسماندہ ممالک کے ہمراہ پاکستان بھی فیٹف گرے لسٹ سے نہ نکل سکا، پاکستان پیپلزپارٹی نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے مؤثر حکمت عملی بنائی تھی۔انہوں نے کہا کہ آج اگر عوام مہنگائی کی وجہ سے بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہو رہے ہیں تو اس کے ذمہ دار صرف عمران خان ہیں۔چئیرمین پی پی پی نے کہا کہ فون پر ہیلو ہیلو کرنے کے ڈرامے سے ملک میں مہنگائی کے سونامی کی تباہی ختم نہیں ہوسکتی۔ پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت نے ملک کو یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ دلوایا، کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم دراصل قوم کے ساتھ ہونے والا فراڈ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس مزید 104 افراد کی جان لے گیا، 2869نئے کیسز رپورٹ