(24 نیوز) عید الفطرکا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کی صدارت چیئرمین مولاناعبدالخبیرآزاد کر رہے ہیں۔ رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں وزارت سائنس اور محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی شریک ہیں، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور نیو کوہسار بلاک میں ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کے امکانات نہیں، تاہم ماہ شوال کے چاند کی پیدائش 12 مئی کی رات 12 بجکر ایک منٹ پر ہوچکی ہے۔
دوسری جانب پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت علمائے کرام پرمشتمل مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی جامع مسجد قاسم علی خان میں منعقد ہورہا ہے جس میں چاند کی شہادتوں کی بنیاد پرجمعرات13مئی کو عیدالفطر ہونے یا نہ ہونے یا اعلان کیاجائے گا۔
مفتی شہاب الدین پوپلزئی کمیٹی کے رکن مولاناحسین احمد مدنی کے مطابق ہماری کمٹی چاند نظر آنے کی شہادتوں کی بنیاد پر اپنے طور پرفیصلہ کرے گی، اگر ہمیں شہادتیں موصول ہوئیں تو ان کی شرعی پرکھ کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ اگر مرکزی یا زونل رویت ہلال کمیٹیاں ہمارے ساتھ رابطہ کرتی ہیں تو ہم ضرور ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔
پشاورمیں چیئرمین زونل کمیٹی مولانا احسان الحق کی زیر صدارت زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال، جب کہ کراچی میں زونل کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں شروع ہوگیا ہے۔
کراچی زونل رویت ہلال کمیٹی کی سربراہی حافظ محمد سلفی کررہے ہیں، جب کہ اجلاس میں قاری نظیر احمد نعیمی، قاری محمد اقبال،مولانا صابر شریک ہیں، زونل کمیٹیاں شہادتوں سے متعلق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگا ہ کریں گی اور حتمی فیصلہ مرکزی کمیٹی کاہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا کے کسی ملک میں گزشتہ روز شوال کا چاند نہیں دیکھا جاسکا جس کی وجہ سے بیشتر ممالک میں آج 30واں روزہ ہے اور عید الفطر جمعرات کو منائی جائے گی۔ اس لئے پاکستان میں آج شوال کے چاند کی رویت کے امکان نہ ہونے کے برابر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کو ریلیف دینے کیلئے پنجاب حکومت کا بڑا اقدام